اسلام آباد ( نیوز رپورٹر )پاکستان کو حقیقی ریاست مدینہ بنانے کیلئے تمام دینی قوتوں کو اکھٹا ہونا ہوگا یہ بات ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابوالخیرزبیر نے کونسل کی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیکولر ریاست بنانے کیلئے خطرناک سازش کی جارہی ہے،قادیانیوں کو اہمیت دی جاری ہے۔وہ موسم کی خرابی کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہوسکنے پر کراچی سے بذریعہ سکائی ایپ خطاب کررہے تھے ۔اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر عدالتی کمیشن بنایا جائے اور اس سانحہ کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے۔کونسل کی مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ پیغام پاکستان کی دستاویز سے اضافی ملحقات نکال کر اسے دوبارہ شائع کیا جائے ۔اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ افغانستان کے مستقبل میں طالبان کو انکا مناسب کردار دیا جانا ضروری ہے۔اعلامیہ میں مسنگ پرسنز کی بازیابی اور آسیہ مسیح کے حوالے سے فل کورٹ بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔اجلاس میں علامہ عارف حسین واحدی،سید ثاقب اکبر،پروفیسر محمدابراہیم ،صفدرشاہ گیلانی ،قاضی ظفرالحق،مولانا عبدالجلیل،عبداللہ گل،میر عبدالقدوس،اسداللہ بھٹو ،عبدالرشیدترابی،میاں مقصود احمد،ہدایت اللہ ،عبدالوحیدشاہ ،ڈاکٹر سیدمحمدنجفی،سیدآصف لطیف،رضیت باللہ،نذیراحمدجنجوعہ،راجہ محمداصغر، پیرغلام رسول اویسی اور دیگر نے شرکت کی۔