• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یتیم اور بےسہارا بچوں کی پرورش کرنا انسانیت کی بڑی خدمت ہے، کونسلر ظفرعلی لارڈ میئر بریڈفورڈ

بریڈ فورڈ (محمدرجاسب مغل) کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ یتیم اور بے سہارا بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کے لئے جو خدمات سرانجام دے رہاہے اس سے بڑھ کر کوئی اور انسانیت کی خدمت نہیں ہے، کورٹ آزاد کشمیر یا پاکستان کا ہی نہیں بلکہ ایشیا کا ایک بڑا ادارہ بن چکا ہے، ان خیالات کا اظہار لارڈ میئر آف بریڈ فورڈ کونسلر ظفر علی نے بریڈ فورڈ ہوٹل میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی تیسری ایوارڈ کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہا کہ یتیم ہونا کوئی گناہ نہیں بلکہ یتیم ہونا حضور ؐ کی نسبت سے ایک سعادت ہے، جس خدمت خلق کے جذبے سے کورٹ اور اس کے بانی چوہدری اختر حسین کام کر رہے ہیں بلاشبہ اس کی مثال نہیں ملتی۔ شیڈو وزیر بیرسٹر عمران حسین ایم پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کا دورہ کیا بلاشبہ یہ ایشیاء کا ایک عظیم ادارہ ہے جہاں نہ صرف انسانی جذبوں کو محسوس کیا بلکہ نوجوان نسل کے لئے تعلیم کے بہترین انتظامات دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہوئی، انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے تعلیم ایک بنیاد ہے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں اس ادارے سے نکلنے والے بچے قوم کے معمار ہوں گے، اوورسیز کمیونٹیز کو اس کی بھرپور سپورٹ کرنی چاہئے۔ ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری اختر حسین نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورے پاکستان کے لئے ایک عظمت کا نشان ہے جس نے ایک یتیم خانے کے تصور کو ایک باعزت اور عالی شان گھر میں بدل کر رکھ دیا ہے- انہوں نے اس ٹرسٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کشمیر آرفن ٹرسٹ مذہب اور رنگ و نسل سے بالاتر ہوکر خالصتاً انسانیت کی خدمت کے لئے کام کررہا ہے۔کورٹ سائوتھ ایشیاء کا سب سے بڑا یتیم خانہ ہوگا جس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے میڈیکل، ائر فورس، صحت اور دیگر شعبوں میں آگے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کورٹ کی کارکردگی کو دیکھنے کے لئے افواج پاکستان کے سربراہان، صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے خصوصی دورےکئے اور نہ صرف عطیات دئیے بلکہ خدمت خلق کے جذبے کے تحت ایک بڑی اراضی بھی الاٹ کی انہوں نے کہا کہ تیرہ سال قبل بننے والے اس ٹرسٹ کے طلبا طالبات کو رہائش، طعام، لباس سمیت تعلیم کی وہ سہولیات حاصل ہیں جو ایک بڑے گھر کے بچوں کو میسر ہیں۔ اس ٹرسٹ کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ ٹرسٹ کے بچوں کو اس عمر میں مکہ اور مدینہ منورہ کی زیارت اور عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس موقع پر سانحہ ساہیوال میں یتیم ہونے والے بچوں کو انسانی خدمت کے جذبے کے تحت کفالت کا ذمہ لینے کی بھی آفر کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں پاکستان کے ہر صوبے کے بچے ہماری کفالت میں پروان چڑھ رہے ہیں۔ چوہدری اختر حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عطیات کی صورت میں ملنے والی رقم کو ہم نے ہمیشہ امانت کے طور پر ایمانداری کے ساتھ خرچ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں اور انسانیت اور خدمت کے جذبے بڑھ رہے ہیں، انہوں نے برطانیہ بھر سے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ٹرسٹیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی انتھک محنت کے صلے میں ایوارڈ دیئے۔ تقریب سےسید عابد حسین شاہ، اعجاز فضل، محمد شبیر راجوری نے بھی خطاب کرتے ہوئے ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ یہ ادارہ اس دنیا میں جنت سے کم نہیں جہاں انسانیت کے بے مثال جذبوں کو دیکھ کر خدا یاد آجاتا ہے، مقررین نے چوہدری اختر حسین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں بچوں کی چھوٹی چھوٹی چیزوں کا خیال رکھا۔ ایوارڈ کی تقریب میں لیڈز کے سابق لارڈ میئر کونسلر محمد اقبال علی، اکبر چشتی، محمد شبیر مغل کے علاوہ برطانیہ بھر سے کثیر تعداد میں کمیونٹی نے شرکت کی۔

تازہ ترین