• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے سہارا افراد کیلئے UKIIM کی سرگرمیاں شاندار ہیں، لیان برائون سٹیون ٹم ایم پیز

لندن (پ ر) پاکستان میں بسنے والے ہزاروں بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت ہمارا مشن ہے اور اسی لئے یوکے اسلامک مشن نے اس سال30,000بے سہارا بچوں کو یہ مدد فراہم کرنے کا ٹارگٹ طے کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار یوکے آئی ایم (UKIM) کے ہیڈ آف ریلیف ڈیپارٹمنٹ ریاض ولی نے مشرقی لندن میں منعقدہ چیرٹی ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر آف پارلیمنٹ لیان برائون نے کہا کہ وہ برطانیہ اور دنیا بھر میں ایسے نادار و بے سہارا بچوں کی کفالت کے لئے اٹھائے گئے اقدام کی بھرپور سپورٹ کرتی ہیں۔ تقریب سے لندن بارو آف نیوہیم کی مسلم میئر رخسانہ فیاض نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے تقریب میں شریک حاضرین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس عظیم مقصد کے لئے آگے بڑھ کر مالی مدد فراہم کرنا ہوگی۔ یہ ایک بہترین فریضہ ہے جوUKIMکا بروقت اقدام ہے۔ تقریب میں تمام کمیونٹیز کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ برطانیہ کے ممبر آف پارلیمنٹ سٹیون ٹم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہUKIMکی برطانیہ میں سرگرمیوں سے بے حد متاثر ہیں۔ جو برطانیہ کی مسلم کمیونٹی کی نمائندگی کا فریضہ بہترین طریقے سے ادا کررہی ہے۔ تقریب میں معروف نومسلم (مصنف اور پریزنٹر) کرسٹین بیکر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مسلمانوں کا آگے بڑھ کر چیرٹی و سخاوت کرنا، ایک ایسا عمل ہے جس نے انہیں بے حد متاثر کیا اور وہ مسلمان ہوئیں۔ اسلام ایک بہترین مذہب ہے جو تمام انسانوں کی بلاتفریق مدد کرنے کا حکم دیتا ہے اورUKIMاسی مقصد کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے جو خوش آئند اور لائق تحسین ہے۔ تقریب میں حاضرین کے لئے خصوصی طور پر پاکستان سے تشریف لائے نعت خواں جنید جمشید شہید کے بیٹے، سید نعمان شاہ، عالمی شہرت یافتہ نعت خواں سید فصیح الدین اور احسان تمہید نے خوب صورت کلام پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو متاثر کیا اور خوب داد سمیٹی۔ تقریب کے منتظمین ارسلان نفیس اور امجد جنجوعہ نے پروگرام میں حاضرین کی شرکت پر ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی نے ایک بار پھر بھرپور مالی تعاون فراہم کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی ہے۔ تقریب کے منتظمین میں عاصم الدین، رفیق انور، عدنان ملک، سید شوکت علی، محمد شہزاد، مشرف انور، عبدالحمید بھٹی، مولانا ابوبکر سجاد، مولانا جہانزیب شامل تھے۔

تازہ ترین