• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں ایف سی او وزیر ایلیسٹر برٹ سے پاکستانی وزیر تعلیم کی ملاقات

لندن( جنگ نیوز) تعلیم اورپیشہ ورانہ تربیت سے متعلق امور کے وفاقی وزیر شفقت محمود نے گزشتہ روز لندن میں بین الاقوامی ترقی اورمشرق وسطیٰ سے متعلق امور کے برطانوی وزیر ایلسٹر برٹ سے ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اورگلگت بلتستان کے صوبائی اور علاقائی نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے، پاکستان کے وزیر تعلیم نے تعلیمی شعبے میں حکومت پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اب پاکستان انقلاب کے دہانے پر ہے۔انھوں نے خواندگی کی شرح میں اضافہ کرنے اور سکول نہ جانے والے بچوں کو پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت کی ترجیحات انھیں بتائیں، انھوں نے غریبوں اوردولت مندوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تفاوت کو کم کرنے کیلئے تخلیقی ٹیکنکس اور ٹیکنالوجی استعمال کرکے تعلیم کا جدید طریقہ کار اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان میں زیر تکمیل ڈی ایف آئی ڈی کے پروگرامز کے بارے میں بھی بات کی ،برطانوی وزیر ایلسٹر برٹ نے پاکستان کی مدد کرتے رہنے کے حوالے سے برطانوی حکومت کے عزم کااعادہ کیاانھوں نے مشترکہ مقاصد اور اہداف کے حصول کیلئے تعلیم کی اہمیت پر زوردیا اور تعلیم کو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کامرکزی نکتہ قرار دیا۔وزیر تعلیم برٹش کونسل کی دعوت پرایجوکیشن ورلڈ فورم میں شرکت کیلئے ان دنوں لندن میں ہیں۔انھوں نے گزشتہ روز ای ڈبلیو ایف کے مندوبین سے بھی خطاب کیا اور انھیں خواندگی کی شرح میں اضافہ کرنے پاکستان میں تعلیم کے نظام کو جدید بنانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا،انھوں نے خاص طورپر سکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کے عزم کابھی اظہار کیا۔لندن میں3روزہ قیام کے دوران پاکستانی وفد کے ارکان مختلف ملکوں کے وزرا ،پالیسی سازوں اور تعلیم اور تربیت کے شعبے کے ماہرین سے تبادلہ خیالات کریں گے۔ایجوکیشن ورلڈ فورم کااجلاس ہر سال جنوری میں ہوتاہے۔
تازہ ترین