برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل برمنگھم کے چیئرمین سید مشتاق شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ 5فروری 1990کو مرحوم و مغفور قاضی حسین احمدنے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کے کر پوری پاکستانی قوم کو کشمیریوں کی پشت پر لا کھڑا کر دیا تھا ،اہل پاکستان بھات کے ظلم اور درندگی پر خاموش نہیں رہ سکتے یوم یکجہتی کے اس موقع پر قاضی حسین احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور ان کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان اور دنیا بھر میں جس طرح یوم یکجہتی کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور جذبات کا اظہار کیا جاتا ہے اس طرح پاکستان کے حکمرانوں کی عوامی امنگوں کے مطابق کشمیر پالیسی نہیں ہے مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم اور بربریت کا بازار گرم ہے حکمران خاموش تماشائی ہیں۔ 5 فروری کو وزیر اعظم پاکستان کو ایسا اعلان کرنا چاہئے اور حکومت کی کوئی ٹھوس اور واضح پالیسی سامنے آنی چاہئے ورنہ محض رسمی طور پر زبانی کلامی یکجہتی کا کشمیریوں کو کیا فائدہ ہے۔ مشتاق شاہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستانی پرچم لہرا لہرا کر پاکستان کے ساتھ وابستگی اور بھارت کے خلاف نفرت کا اظہار کرہے ہیں اور انتظار کر رہے ہیں۔