• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سائبیرین ہواؤں کا راج، سردی بڑھ گئی

کراچی میں رات سے سائبیرین ہواؤں کا راج ہے جس کے بعد یہاں سردی بڑھ گئی۔

شہر قائد کے مکینوں نے سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گرم کپڑے، جیکٹس اورسوئٹر نکال لیے، گھروں میں لحاف اور کمبل استعمال ہونے لگے۔

سوپ، یخنی، مچھلی، گرم دودھ، کستوری دودھ، خشک میوہ جات، حلوہ جات کا استعمال بڑھ گیا جس کے بعد ان اشیاء کی دکانوں پر رش لگ گیا۔

کراچی کے مکینوں میں گلے کی بیماریوں، نزلہ، زکام، کھانسی اور موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا۔

ادھر لاہور، شیخوپورہ، قصور اور اوکاڑہ میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے بعد گھروں کی چھتیں اور سڑکیں سفید ہو گئیں۔

اسلام آباد، راول پنڈی، گوجرانوالہ میں بیھ بارش ہوئی، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، مالا کنڈ، ہزارہ سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہونے کے بعد متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

ملک کے شمالی علاقوں سمیت مری میں تو برفباری کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ منگل کی شام لاہور بھی مری ہی جیسا منظرپیش کرنے لگا۔

لاہور اور اس کے گرد ونواح میں ژالہ باری ہوئی جس کے بعد موسم سرد ہو گیا، وقفے وقفے سے پیر سے جاری رہنے والی بارش کا سلسلہ صبح تھم گیا مگر دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہے ، تاہم شام کو اچانک گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔

موسلادھار بارش کے ساتھ دیکھتے ہی دیکھتے اولے پڑنے شروع ہوگئے، کئی منٹ جاری رہنے والی ژالہ باری کے باعث گھروں کی چھتیں اور سڑکیں سفید ہو گئیں۔

لاہور سمیت شیخوپورہ، قصور اور اوکاڑہ میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔

لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، مال روڈ،اچھرہ کینال روڈ، نیو کیمپس اور شاہدرہ میں ژالہ باری سے سڑکوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔

دیگر اضلاع میں بھی بارش کے ساتھ ژالہ باری نے موسم سرد کردیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالا، پشاور، مردان، کوہاٹ میں مزید بارش کا امکان ہے، اس دوران مالا کنڈ، ہزارہ، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 9ڈگری ریکارڈ کیا گیا، کوئٹہ میں منفی 5، مری میں منفی 3، پشاور میں 7،اسلام آباد میں 8، لاہور میں 9 اور کراچی میں درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

ملک بھر کی طرح کوٹلی آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ بارش اور برف باری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے جبکہ پہاڑوں نےبرف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

ضلع باجوڑمیں وقفے وقفے کے ساتھ پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔

لودھراں اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث موٹر وے اور ہائی وے پر سفر کرنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

تازہ ترین