• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جے آئی ٹی اور حکومت کے اقدامات سے مطمئن نہیں‘

سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی جمیل کا کہنا ہے کہ وہ جے آئی ٹی اور حکومت کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔

سانحہ ساہیوال پر بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ اعجاز شاہ نے مہر خلیل اور ذیشان جاوید کے ورثاء سے ملاقات کی۔ 30منٹ جاری رہنے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں، بہت جلد حتمی نتیجہ اخذ کر لیا جائے گا۔

ذیشان جاوید کے بھائی احتشام جاوید کے مطابق جے آئی ٹی نے بتایا کہ ذیشان کا کسی دہشت گرد گروپ سے تعلق کا ثبوت نہیں ملا۔

دوسری جانب سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی جمیل کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی اور حکومت کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔

ذیشان اور خلیل کے ورثاء کا کہنا ہےکہ انہوں نےفیروز پور روڈ پر احتجاج کرنا تھا تاہم جے آئی ٹی کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج موخر کردیا ہےلیکن اگر مطالبات پورے نہ کیے گئےتو دھرنا دیں گے۔

واضح رہے 19 جنوری کی سہہ پہر سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور ان کی ایک بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ کارروائی میں تین بچے بھی زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا بعداز ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ڈرائیور ذیشان کو دہشت گرد قرار دیا گیا۔

تازہ ترین