• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ، پولیس مقابلے میں میاں بیوی کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج

کراچی کے علاقے کورنگی میں تین روز قبل پولیس مقابلے کے دوران گولیاں لگنے سے میاں بیوی کے زخمی ہونے کا مقدمہ عوامی کالونی تھانے میں ایس ایچ او انسپکٹر شاہد خان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر نمبر 33/19 میں دو نامعلوم ملزمان اور دو پولیس اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی سید علی رضا نے جنگ کو بتایا کہ ایف آئی آر کے تحت 2 پولیس اہلکاروں ظہیر شاہ اور کانسٹیبل عبدالمجید کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مقدمے میں پولیس مقابلے کی دفعہ 353، واردات میں 5 سے کم افراد کے شامل ہونے کی دفاع 392 عائد ہے۔

آتشیں اسلحہ سے زخمی کرنے کی دفعہ 324 اور 337 اور 34 بھی عائد کی گئی ہیں، فائرنگ کا یہ واقعہ کورنگی نمبر ساڑھے 5 سیکٹر 43 بی میں مکان نمبر 753 ای کے باہر چوڑی گلی میں 20 جنوری کی رات سوا 9 بجے سے ساڑھے نو بجے کے درمیان پیش آیاجبکہ مقدمہ 22 جنوری کی رات سوا دس بجے درج کیا گیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی سید علی رضا کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرانے کیلئے زخمی میاں بیوی کا انتظار کیا گیا، وہ خود ہسپتال میں میاں بیوی کے پاس گئے اور انہیں مقدمہ درج کرانے کے لئے راضی کرنے کی کوشش کی۔

خاندان کا کوئی اور فراد بھی مقدمہ درج کرانے نہیں آیا جس کے بعد تھانے کے روزنامچے میں تمام واقعہ اور اس کے بعد مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انٹری درج کی گئی۔ اور سرکار کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس اہلکار سے سب مشین گن چھینی، پولیس نے تعاقب کیا، فرار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی پولیس اہلکاروں نے سب مشین گن سے دو جوابی فائر کیے۔

دستیاب شواہد سے لگتا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوئے، مقدمے کی تفتیش ایس آئی او کورنگی کے سپرد کردی گئی ہے۔

تازہ ترین