• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 23 جنوری ، 2019

مدرسے میں ہوا آرٹس اینڈ فوڈ فیسٹیول


پنجاب کے ضلع خوشاب کے شہر نوشہرہ کے ایک دینی مدرسے میں پہلی بار آرٹس اینڈ فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔

فیسٹیول میں چترال سے وزیرستان تک کے طلبہ نے اپنے اپنے علاقوں کے مشہور مقامات کے ماڈلز، شخصیات کے خاکے اور کھانے تیار کئے تھے۔

دینی مدرسے کے زیر اہتمام ہونے والے اس فیسٹیول میں چترال سے ڈی آئی خان اور وزیرستان سے باجوڑ تک کے طلبہ نے اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ مختلف اشیاء نمائش کے لیے رکھی تھیں۔

میلے میں طلبہ نے اپنے علاقوں کے مشہور مقامات کے ماڈل تیار کیے تھے، فیسٹیول میں نجی اسکولز کے طلباء نے بھی دلچسپی لی۔

مدرسے کے طلبہ نے میلے میں جہاں علاقائی ثقافت اجاگر کرنے کی کوشش کی وہیں اپنے اپنے علاقوں کے مشہور پکوانوں کے اسٹال بھی لگا رکھے تھے۔

شرکاء نے مردان کے پیڑوں، چارسدہ کے موٹے چاول، ڈی آئی خان کے حلوے اور وزیرستان کے مقبول کھانے ثوبت سے خوب انصاف کیا۔

منتظمین کے مطابق مدرسے کے پہلے آرٹس اینڈ فوڈ فیسٹیول کے انعقاد سے یہ تاثر دینا مقصود ہے کہ مدارس کے طلبہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم، علاقائی رسم و رواج اور ثقافت سے بھی آگاہی رکھتے ہیں۔