• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز کیخلاف آئندہ چند گھنٹوں میں کارروائی ہوسکتی ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹر کے خلاف نازیبا کلمات کہنے پر آئی سی سی اگلےچندگھنٹوں میں سرفراز احمد کیخلاف کارروائی کا اعلان کرسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق جوہانسبرگ میں سرفراز اور میچ ریفری رانجن مدوگا لے کی ملاقات ہوئی ہے جبکہ میچ ریفری نے رپورٹ مزید کارروائی کے لیے آئی سی سی کو بھیج دی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسلی تعصب کا تاثردرست نہیں ہے، نادانستگی میں اور میچ کی صورتحال کے باعث فقرہ کس دیا۔

دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران سرفراز احمد نے مبینہ طور پر جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل پھلا کوائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے اداکیے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی سرفراز احمد کے اس رویہ کو افسوسناک قرار دیا تھا۔

سکندر بخت کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں اس طرح کے فقرے معیوب سمجھے جاتے ہیں اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، یہ سرفراز کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک ہے، سرفراز کپتان ہے اس کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے، اس طرح کے کمنٹس کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور وہ معطل بھی ہو سکتے ہیں۔

تازہ ترین