’’ٹری مین‘‘ کے نام سے مشہور بنگلہ دیشی شہری کا مرض ختم کرنے کیلئے مزیدسرجری کا فیصلہ کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ابو البجندار 2016 سے ’’ٹری مین‘‘ کے نام سے مشہور ہے جو درحقیقت ایپی ڈرمو ڈسپلیڑیا نامی جلدی مرض میں مبتلا ہے جس میں ہاتھ اور پیروں میں درخت کی شاخیں نما جڑیں نکل آتی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ابو البجندار کو دوبارہ ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں انہیں دوبارہ سرجری کا سامنا کرنا پڑیگا۔
28 سالہ ابو البجندار گزشتہ 2 دہائیوں سے اس عجیب و غریب مرض میں مبتلا ہے اور 2016 میں 25 بارسرجری کی گئی تھی تاہم ابو البجنددار گھر چلا گیا اور مزید علاج پر آمادہ نہیں ہوا تاہم اب ان کو دوبارہ اس پرراضی کیا گیا ہے کہ مزید سرجری سے انہیں اس مرض سے نجات مل سکتی ہے۔
ڈاکٹر کے مطابق ابو البجندار کی حالت پہلے سے بدترین ہو چکی ہے اور ان کے ہاتھوں پر بندھنے والی گانٹھیں ایک انچ تک لمبی ہو چکی ہیں اور اب ان کے پیروں سمیت جسم کے مختلف حصوں پر درخت نما جڑیں نکل آئیں ہیں تاہم امید ہے کہ مزید 6 بار سرجری کر کے اس مرض کو ختم کر دیا جائے گا۔