• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’عمران خان کی طرح پارلیمنٹ پر لعنت نہیں بھیجی ‘

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ نےتحریک انصاف اور عمران خان کی طرح پارلیمنٹ پر لعنت نہیں بھیجی ۔

‎ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‎ن لیگ نے کل اسمبلی میں عوام دشمن بجٹ کے خلاف پارلیمانی طریقے سے احتجاج کیا، تحریک انصاف اور عمران خان کی طرح پارلیمنٹ پر لعنت نہیں بھیجی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ہم نے عمران خان کی طرح سول نافرمانی کی تحریک کابھی اعلان نہیں کیااور نہ ہی ہم نے ساہیوال واقعے پر لاہور کو لاک ڈاؤن کیا اور نہ پارلیمنٹ اور پنجاب اسمبلی پرحملہ کیا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چودھری اب اُس جماعت کی ترجمانی کر رہے ہیں ،جو دو سال پارلیمان سے بھاگے اور تنخواہ بھی لیتے رہے۔فواد چودھری جس پارٹی کے آج کل ترجمان ہیں اس کی تاریخ کا تو مطالعہ کرلیں۔

اس کے علاوہ اُن کا کہنا تھا کہ آج فوادچودھری جس پارٹی کی ترجمانی کررہے ہیں، اس نے5 سال پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی ہے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن غریب دشمن بجٹ پاس نہیں ہونے دے گی، ہم آمرانہ سوچ سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ وزراء کے بیانات ان کے فسطائی ذہن کی عکاسی کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے منتخب وزیراعظم کو گلے سے گھسیٹ کر باہر نکال دو کے نعرے لگائے، فوادچودھری پہلے اپنی پارٹی کی تاریخ کا مطالعہ کرلیں پھر آکر بیان دیں۔

تازہ ترین