• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفہیم المسائل

طہارت کا ایک مسئلہ

سوال:۔ کموڈ استعمال کرتے وقت پاکی کیسے حاصل کریں، اس کے استعمال سے نماز ہوجائے گی یا نہیں؟ (غلام مرتضیٰ ،لاہور )

جواب:۔ استنجا کرنے کے لیے کموڈ استعمال کرنا درست ہے، کموڈ پر بیٹھتے وقت آدمی کے بدن کاجو حصہ کموڈسے مس ہوتا ہے، اگر اس پر ناپاک چھینٹے ہوں تو ٹشوپیپر یا کسی چیزسے اسے خشک کرلیں۔کموڈ ایسے اجزا سے بنا ہوتا ہے جو مسام دار نہیں ہوتے اور اس میں پانی جذب نہیں ہوتا، اس لیے اگر اس پربالفرض ناپاک قطرے ہوںتو ٹشو سے خشک کرنے سے وہ صاف ہوجاتا ہے۔استنجا پانی سے کیا جاسکتا ہے،کیونکہ آج کل مسلم شاور دستیاب ہیں اور صفائی میں مبالغے اور احتیاط کے لیے ٹشو پیپر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ مسجد قباوالوں کے لیے قرآن کریم میں تعریفی کلمات آئے ہیں، فرمایا: ’’البتہ جس مسجد کی بنیاد پہلے روز سے ہی تقویٰ پر رکھی گئی ہے، وہ اس بات کی زیادہ حق دار ہے کہ آپ اس میں کھڑے ہوں، اس میں ایسے مرد ہیں جو خوب پاکیزہ ہونے کو پسند کرتے ہیں اور اللہ زیادہ پاکیزگی حاصل کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے، (سورۃ التوبہ: 108)‘‘۔

حضرت عویم بن ساعدہؓبیان کرتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے اہلِ قبا سے فرمایا: میں نے اللہ تعالیٰ سے سنا کہ وہ تمہاری پاکیزگی حاصل کرنے کی تعریف فرماتا ہے ،تم کس طرح پاکیزگی حاصل کرتے ہو، انہوں نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ! ہمیں اور کسی چیز کا پتا نہیں، لیکن ہم نے دیکھا کہ ہمارے پڑوسی براز سے فارغ ہونے کے بعد پانی سے استنجا کرتے ہیں، پس ہم بھی اس طرح کرتے ہیں، (مسند احمد: 15485)‘‘۔حضرت ابوہریرہ ؓبیان کرتے ہیں: نبی ﷺ نے فرمایا: یہ آیت (التوبہ:108)اہل قبا کے متعلق نازل ہوئی ہے، وہ پانی کے ساتھ استنجا کرتے تھے تو ان کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی، (سنن ترمذی:3100)‘‘۔

تازہ ترین