آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہباز شریف ، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی گئی۔
لاہورکی احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت ہوئی۔
عدالت نےسابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کےجوڈیشل ریمانڈ میں15 روز کی توسیع کردی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں احد چیمہ، فواد حسن فواد، عارف اور اسرار سعید کو پیش کیا گیا، تاہم شہباز شریف کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔
جیل حکام نے شہباز شریف کےحوالےسے رپورٹ پیش کی، جس میں عدالت کو بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نےشہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کررکھے ہیں، قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے باعث شہباز شریف کو پیش نہیں کیا جاسکا۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آشیانہ اقبال کیس میں ملزموں کو ریفرنس کی صاف کاپیاں فراہم کر دی گئی ہیں، بعض دستاویزات چینی زبان میں ہیں، جن کا ترجمہ کرکے کاپیاں آئندہ سماعت پر ملزمان کو دے دی جائیں گی۔
عدالت نے کیس پر مزید سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔