• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برٹنی اسپیئرز پاپ میوزک کی دنیا کا ایک بڑا نام ہے۔ وہ لوگ جو 90کی دہائی کے اواخر میں پلے بڑھے ہیں، وہ یقیناً برٹنی اسپیئرز کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے ہوں گے۔ یہ وہ دور تھا جب ’بے بی وَن مور ٹائم‘ اور ’اوپس آئی ڈِڈ اِٹ اَگین‘ جیسے سنگلز میں برٹنی اسپیئرز اپنے اسٹائل اور خوبصورتی میں عروج پر نظر آئیں۔ تاہم دیگر سیلیبرٹیز کے مقابلے میں برٹنی اسپیئرز اپنے بارے میں بہت کم کھل کر بات کرتی ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے ایک پرفیوم متعارف کرایا ہے، جسے مرد اور عورتیں، دونوں استعمال کرسکتے ہیں۔برٹنی اسپیئرز کی خوبصورتی اور مثالی جِلد کا کیا رازہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

پرفیوم کا استعمال

برٹنی اسپیئرز خوشبو لگانا ضروری نہیں سمجھتیں۔ وہ کبھی کبھار خوشبو کا استعمال کرلیتی ہیں کیونکہ انھیں پرفیومز کی خوشبو کم متاثر کرتی ہے۔ اب اپنے ذوق کو مدنظر رکھتے ہوئے برٹنی نے اپنا ذاتی پرفیوم برانڈ متعارف کرایا ہے۔ اپنے پرفیوم اور اس کی خوشبو سے متعلق برٹنی کہتی ہیں، ’کوئی شخص کس طرح کی خوشبو لگانا چاہتا ہے، یہ اس کا اپنا حق ہے، تاہم میرا خیال ہے کہ آپ کو خوشبوایسی لگانی چاہیے جو دوسروں پر گراں نہ گزرے۔ اپنا پرفیوم متعارف کرانے کے پیچھے یہی سوچ کارفرما ہے۔ آپ جب یہ خوشبو لگاکرکہیں جائیں گے تو لوگ آپ کے بارے میں Judgmental نہیں ہونگے۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے پرفیوم کا یہ برانڈ متعارف کرایا۔ میرے دوستوں اور خاندان کے لوگوں کو اس کی خوشبو نے بہت متاثر کیا ہے‘۔

متاثرکن شخصیت

برٹنی اسپیئرز اپنی شخصیت میں بدلاؤ لانا پسند کرتی ہیں۔ وہ ایک ہی طرح کی شخصیت بنائے رکھنے کو بورنگ قرار دیتی ہیں۔ اس لیے وہ اپنے ہر گانے میں ایک مختلف رُوپ میں نظر آتی ہیں۔ برٹنی کو ویسے تو اپنی شخصیت کا ہر رُوپ پسند ہے، تاہم Toxicنامی گانے میں اپنائے گئے رُوپ کو وہ اپنا پسندیدہ ترین Personaقرار دیتی ہیں۔وہ کہتی ہیں، ’اس گانے میں، میں نے سپرہیرو ٹائپ تصوراتی شخصیت کو اپنانے کی کوشش کی تھی۔ میں نے اپنی زندگی میں سپر ہیروز کو بہت دیکھا ہے، اس لیے میں سپر وومن بننا چاہتی تھی۔ Toxic نے مجھے وہ اطمینان بخشا‘۔

میک اَپ ضروری ہے

جہاں تک میک اَپ کا تعلق ہے، تو برٹنی اسپیئرز ہر بار میک اَپ کے معاملے میں تجربات کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔ انھیں مسکارا بہت پسند ہے، اگر شو کے لیے جانا ہے تو وہ اسے زیادہ گہرا (ڈارک) رکھنا پسند کرتی ہیں۔ آنکھوں کے شیڈز کےمتعلق وہ کہتی ہیں، ’میں سمجھتی ہوں کہ آئی شیڈو کے لیے مختلف ہلکے اور گلابی شیڈز استعمال کرنا کافی دلچسپ ہے۔ میں مختلف طرز کے گوتھک (Gothic)انداز اپنانے کو ترجیح دیتی ہوں، تاہم ایک بات ضرور یقینی بناتی ہوں کہ آئی شیڈو کے لیے جس قدر ہوسکے ہلکے رنگوں کا انتخاب کروں تاکہ میری آنکھیں کھُلی نظر آئیں‘۔

بیوٹی ایڈوائس

جہاں تک میک اَپ کا تعلق ہے، برٹنی اسپیئرز کا اپنے مداحوں کے لیے مشورہ ہے کہ ’کم ہی زیادہ ہے‘۔ برٹنی اسپیئرز بھاری میک اَپ پسند نہیں کرتیں۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے، ’میں خود کو ٹی۔شرٹ ٹائپ لڑکی تصور کرتی ہوں‘۔ تاہم انھیں مختلف شوز اور پریزنٹیشنز کے لیے میک اَپ کرنا پڑتا ہے، جو کہ ان کی مجبوری ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’اس لیے جب میں ان کاموں سے فارغ ہوتی ہوں تو صرف مسکارا لگاتی ہوں اور بس۔ یقین جانیں، ایک سادہ سی ٹی۔شرٹ اور مسکارے میں، میں خود کو بہت آرام دہ محسوس کرتی ہوں‘۔

فٹنس اور جِلد کی صحت

برٹنی اسپیئرز کا ماننا ہے کہ اگر آپ اپنی جِلد کی خوبصورتی کو بحال رکھنا چاہتی ہیں تو اس کے لیے آپ کو اپنی جسمانی صحت کا خیال لازمی رکھنا پڑے گا۔ کیونکہ جسمانی طور پر سست انسان کی جِلد کبھی خوبصورت نہیں ہوسکتی۔ یہی وجہ ہے کہ برٹنی اسپیئرز، دنیا میں چاہے جہاں کہیں بھی جائیں، وہ اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ ورزش کے لیے جِم ان کے قریب تر ہو۔ اس کے علاوہ انھیں Spaجانا بھی بہت پسند ہے۔

جِلد کی حفاظت کا معمول

جِلد کی حفاظت کے لیے برٹنی اسپیئرز کو ٹونرز بہت پسند ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ’کوئی بھی ٹونر استعمال کرنے سے پہلے میں یہ دیکھتی ہوں کہ اس میں جِلد میں کھچاؤ پیدا کرنے کی خوبی موجود ہے کہ نہیں۔ ٹونر کے بعد میں موائسچرائزر کا استعمال کرتی ہوں، میں صرف موائسچرائزر استعمال نہیں کرسکتی۔ میں چونکہ ورک آؤٹ کرتی ہوں تو اس سے میری جِلد پر سرخ نشانات پڑجاتے ہیں۔ لیکن ان میں ایکنی یا زخم نہیں بنتا، بس میرے گالوںکے آس پاس سرخ نشانات نمودار ہونے لگتے ہیں، اس لیے میں ٹونر کے ذریعے اپنی جِلد کو صاف و شفاف رکھنے کی کوشش کرتی ہوں‘۔ رات کو سونے سے پہلے برٹنی جِلد کی کلینزنگ ضرور کرتی ہیں۔ برٹنی اسپیئرز کہتی ہیں، ’رات کو کلینزنگ کرنے کےبعد میں صبح کو پھر سے کلینزنگ نہیں کرتی، بس سادہ یا ٹھنڈے پانی سے منہ دھونے کے بعد موقع کی مناسبت سے میک اَپ کرلیتی ہوں‘۔

تازہ ترین