• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمئی کھیلوں کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد


پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلتر میں ہونے والی انٹرنیشنل ا سکی ریسز میں شرکت کیلئے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد جاری ہے۔

دنیا بھر سے 38 اسکیئیرز انٹرنیشنل ا سکی ریسز میں شرکت کرنے کیلئے پاکستان پہنچ رہے ہیں جو قراقرم کے بلندو بالا پہاڑوں میں موجود خوبصورت پی اے ایف ا سکی ریزورٹ نلتر میں منعقد ہوں گی۔

اس موقعے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے ایک پرومو بھی جاری کیا ہے۔

یہ پاکستان کے لئے ایک قابلِ فخر بات ہے کہ 12 ممالک بشمول یونان، افغانستان، ترکی، یوکرائن ، ہانگ کانگ، برطانیہ ، بوسنیا ہرزوگوینا ، بیلجئیم ، مراکش ، کرغستان، آز ر بائیجان اور تاجکستان سے بہترین اسکئیرز نلتر کے پرفضا سکی ریزورٹ پر ہونے والی چیف آف دی ائیر سٹاف انٹرنیشنل قراقرام الپائن اسکی کپ کی سلالم اور جائنٹ سلالم کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔

ان مقابلوں میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے بہترین اسکئیرز بھی شرکت کریں گے جس سے انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور اپنے مدِ مقابل کھلاڑیوں کے تجربے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

سرمائی کھیلوں کا آغاز پی اے ایف ا سکی ریزورٹ نلتر میں سعدیہ خا ن اسکی کپ اور انٹر ور سٹی چیمپئن شپس کے ساتھ ہو چکا ہے۔

اس بار ملک میں پہلی دفعہ سنوبورڈنگ، آئس سکیٹنگ اورآئس ہاکی کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے ہیں۔

ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان پاک فضائیہ کے تعاون سے ملک میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لئے خلوصِ نیت سے کوشاں ہے اور ان مقابلوں کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

تازہ ترین