• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں ایک بار پھر ن لیگ کی حکومت ہوگی اور میاں نواز شریف ہمارے وزیر اعظم ہونگے۔

پاکستان سے آئے ہوئے لیگی رہنما ملک کاشف اعوان اور ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے اعزاز میں دی جانے والی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی بدترین کارکردگی سمیت تمام اشارے اس بات کی نشاندہی کررہے ہیں کہ اگلی حکومت ن لیگ کی ہوگی اور میاں نواز شریف ہی پاکستان کے وزیر اعظم ہونگے۔

ملک یونس نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے ظلم و جبر کے سامنے جتنا صبر میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے کیا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور یہی چیز عوام کو اگلی بار میاں نواز شریف کو اقتدار میں لانے پر مجبور کرے گی۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت افراتفری کا ماحول ہے ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے اگر اس موقع پر دوست ممالک ہماری مدد نہ کرتے تو پاکستان کا دیوالیہ ہوچکا ہوتا اور اس مدد کو موجودہ حکمراں اپنی کامیابی گنوارہے ہیں حالانکہ ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے روپے کی قدر آدھی ہوچکی ہے برامدات گرچکی ہیں سرمایہ کار ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں لیکن حکمراں اقتدار کے مزے لے رہے ہیں ۔

ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں ایک بار پھر ن لیگ کی حکومت ہوگی اور میاں نواز شریف ہمارے وزیر اعظم ہونگے۔

اس موقع پر سینئر پاکستان اصغر حسین نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور دنیا بھر میں پاکستانیوں کو چاہیے وہ بھی اتحاد کے ساتھ رہیں اور زیادہ سے زیادہ رقم بینک کےذریعے پاکستان بھیجیں تاکہ پاکستان کو ذرمبادلہ کی ضروریات پوری ہوسکیں۔

اصغر حسین نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنی اپنی حیثیت میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں تو جلد ہی تبدیلی نظر آئے گی۔

تقریب کے آخر میں پاکستان سے آئے ہوئے لیگی رہنما ملک کاشف اعوان نے کہا کہ ان کا جاپان کا یہ پہلا دورہ ہے اور بطور قوم ہمیں جاپان سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے جس میں سب سے اہم ایک قوم بننے کاہے جس کی ہمیں ضرورت ہے اور پھر حب الوطنی بھی ہمیں جاپان سے سیکھنی چاہیے جہاں ہر آدمی خود کو جاپانی کہتا ہے صوبہ اور لسانیت کا اظہار نہیں کرتا۔

ملک کاشف اعوان نے کہا کہ میاں نواز شریف خود بھی موجودہ حکومت کو جلدی گرانا نہیں چاہتے بلکہ موقع دینا چاہتے ہیں کہ عوام خود سمجھ جائیں کہ موجودہ حکومت کی عوام میں کوئی بنیاد نہیں ہے اس کو لایا گیا ہے او رجلد ہی لانے والے اسے واپس بھی بھیج دیں گے۔

تازہ ترین