آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ14؍جمادی الثانی 1440ھ 20؍فروری 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد سے آج ان کی نیوز کانفرنس کے دوران ’جیو نیوز‘ کے نمائندے نے ایک سوال کیا تاہم مشیر تجارت اس سوال کا جواب گول کر گئے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی،ا س دوران جیو نیوز کی جانب سے ان سے سوال کیا گیا کہ اپوزیشن نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ آپ کے صاحبزادوں کی کمپنی کو دینے پر اعتراضات اٹھائے ہیں کیا آپ منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھیکےکی ری ٹینڈرنگ کے لیے تیار ہیں؟

مشیر وزیراعظم رزاق داؤد اس سوال کا جواب گول کر گئے اور سنی ان سنی کرتے ہوئے مہمند ڈیم کے ٹھیکے سے متعلقہ سوال کا جواب دیئے بغیر پریس کانفرنس ختم کرکے چلےگئے۔

اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم ہر وہ اقدام کرنا چاہتے ہیں جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں معاونت ہو،کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والے ممالک میں پاکستان کی رینکنگ کو بہتر کرنا ہے، آسان کاروبار سے متعلق پاکستان 136 ویں نمبر پر ہے، وزیراعظم نے پاکستان کی رینکنگ بہتر کرنے کا ہدف دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق بھی آسانی پیدا کررہے ہیں، اب ون ونڈو کے ذریعے کمپنی کی رجسٹریشن ہوا کرے گی، پورٹل بنایا ہے جہاں کمپنی کو تمام سہولتیں ایک جگہ ملیں گی، کاروباری طبقے کے لیے ٹیکسوں کی تعداد 47 سے 16 کردی ہے، ہماری ٹیم نے صوبوں کے ساتھ مل کر ٹیکسوں سے متعلق کام کیا۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بجلی کنکشن اور لوڈشیڈنگ کے اوقات سے متعلق شکایات ہیں، وزارت توانائی کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جارہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر تفصیلات ویب سائٹ پر فراہم کریں گے،ورلڈ بینک کے انڈکس میں بہتری کے لیے پرامید ہیں، ہر وہ اقدام کرنا چاہتے ہیں جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں معاونت ہو۔

اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار جنوبی ایشیا کو دیکھ رہے ہیں، ہم ٹیکنالوجی پاکستان میں لانے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں، پانچ سال میں ٹاپ 50 ممالک میں آنے کا ٹارگٹ ہے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں