• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری خوش قسمتی ہے کہ میرے بہت سے دوست مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت کرتے ہیں لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ دوستی سیاسی وابستگیوں سے کہیں زیادہ اہم ہوتی ہے مگر آج کل میرے کچھ دوست جو پی ٹی آئی کے حامی تھے یا ابھی بھی ہیں، کسی قدر دفاعی انداز اختیار کر گئے ہیں۔ شاید یہ استفسار کرنا درست نہ ہو لیکن میں اُن سے پوچھے بغیر نہیں رہ سکتا کہ کیا وہ دکھائی دینے والی تبدیلی سے خوش ہیں؟ حسن نثار صاحب جیسے چند ایک احباب تو مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ اُنہیں پی ٹی آئی سے اس قدر اناڑی پن کی توقع نہ تھی۔ ان کے غصے کا رخ پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم کی طرف ہے۔ میرے احباب میں سے اکثر ابھی تک پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں۔ ایسے افراد کا شمار دو گروہوں میں ہوتا ہے۔ پہلے گروہ میں وہ افراد شامل ہیں جن کا کہنا ہے کہ اتنے کم عرصہ میں پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور کارکردگی کو جانچنا درست نہیں۔ نتائج کی پرکھ کیلئے چھ ماہ ایک قلیل عرصہ ہے۔ میں اُن سے پوچھتا ہوں کہ کیا وہ ابتدائی نتائج کو حوصلہ افزا پاتے ہیں یا اگر ابتدائی نتائج کیلئے بھی یہ عرصہ کم ہے تو کیا وہ پی ٹی آئی کی کوششوں سے مطمئن ہیں؟ کیا پی ٹی آئی خوش کن نعروں کے سوا بھی کچھ کر رہی ہے؟ کیا حکومت کی سمت درست ہے؟ احباب سے ان سیدھے سادے سوالات کا جواب بھی نہیں بن پڑتا۔ دوسرے گروہ کا خیال ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اتنے عقربی مسائل چھوڑ گئی ہے کہ اُنہیں درست کرنے میں پی ٹی آئی کو بہت زیادہ وقت اور محنت درکار ہے۔ اُن میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دراصل گزشتہ 70برس کا گند صاف کر رہی ہے۔ گویا گزشتہ سات عشروں سے کسی حکومت نے پاکستان کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اب رادھا کیلئے نو من تیل کا اہتمام پی ٹی آئی کو ہی کرنا ہے۔مجھے کہنے کی اجازت دیجیے کہ اگر مسلم لیگ (ن) اور قائم ہونے والی دیگر حکومتیں ہی مسائل کی جڑ تھیں تو اُن کی حکومتیں ختم ہوتے ہی بہت سے مسائل خود بخود حل ہو جاتے۔ کیا اس وقت ایک ایماندار، ذہین، منکسر المزاج اور اپنے کام کیلئے پوری طرح تیار رہنما اقتدار میں نہیں؟ کیا اس سے ایک واضح فرق دکھائی نہیں دینا چاہیے؟ یا پھر میں ہی جانبداری کا شکار اپنے اردگرد بہتری دیکھنے سے قاصر ہوں؟

مجھے تو یہ دکھائی دیتا ہے کہ آج مہنگائی گزشتہ چار برسوں میں بلند ترین سطح پر ہے، حکومت اتنے قرضے لے رہی ہے جس کی مثال ہماری تاریخ پیش کرنے سے قاصر ہے، سود کے نرخ گزشتہ چار برسوں میں بلند ترین ہیں، محصولات جمع کرنے کے اہداف پورے نہیں ہو پائے ہیں، اس سال خسارہ پہلے سے کہیں زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

اس ضمن میں احباب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو مسلم لیگ (ن) کے قرضوں کی واپسی کیلئے قرض لینا پڑ رہا ہے لیکن پھر یہی بات میں بھی کہہ سکتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کو پی پی پی حکومت کے قرضوں کی واپسی کیلئے قرض لینا پڑا۔ پی پی پی کے پاس بھی یہی جواز ہو گا کہ اُس نے جنرل مشرف کے قرضوں کی واپسی کیلئے قرضے لیے۔ ممکن ہے کہ یہاں ہم سب درست، یا ہم سب غلط ہوں لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) غلط ہوں اور اکیلی پی ٹی آئی درست ہو۔

پھر لیے جانے والے قرضوں کے حجم کا بھی ایشو ہے۔ اگر آج پی ٹی آئی اُس سے کہیں زیادہ قرض لے رہی ہے جو مسلم لیگ (ن) نے کبھی لیے تھے، تو پھر آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ محض لیے گئے قرضوں کی واپسی کیلئے ہیں۔ درحقیقت پی ٹی آئی ماضی کے قرضوں پر صرف سود ہی ادا نہیں کر رہی، وہ نئی حکومت کے اخراجات بھی ملنے والے قرضوں سے پورے کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی میں میرے احباب، خاص طور پر جو بہت زود اثر اور حساس ہیں، کو رات کو جب نیند نہیں آتی تو سوچتے تو ہوں گے کہ اُن کی توقعات کی شہزادی کس دیو کی قید میں ہے؟ عرض ہے کہ چلیں سمندر پار چھپائے گئے200 بلین ڈالرز کو بھول جائیں، اُنھوں نے واپس نہیں آنا تھا لیکن منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرونی دنیا میں منتقل ہونیوالے سالانہ بارہ بلین ڈالر کا کیا ہوا؟ یقیناً پی ٹی آئی تو منی لانڈرنگ نہیں کرتی، وہ رقم تو محفوظ ہی ہو گی، تو پھر ہم اسٹیٹ بینک میں ڈالرز کے حجم میں اضافہ کیوں نہیں دیکھتے؟

یہاں یہ سوال بھی ضرور بنتا ہے کہ آپ شہباز شریف جیسے ’’سست اور کام چور‘‘ لیڈر کا سیاست کے ’’وسیم اکرم پلس‘‘ سردار عثمان سے موازنہ کیسے کریں، جن کے ایک ایک کام سے وژن، کشش اور صلاحیت لشکارے مار رہی ہے (عثمان بزدار کو وسیم اکرم کی مثل قرار دینا موخر الذکر کو یقیناً پسند نہیں آتا ہو گا) شہباز شریف کا ذکر کرتے ہوئے مجھے اُن کی ایوان میں کی گئی مختصر سی تقریر کی یاد آ گئی، جو اُنھوں نے فنانس منسٹر کے منی بجٹ سے پہلی کی تھی۔ یہ موصوف کا تین ماہ میں دوسرا منی بجٹ تھا۔ اپنی تقریر میں لیڈر آف دی اپوزیشن شہباز شریف نے وزیراعظم پر اُسی طرح تنقید کی جس طرح عمران خان اپنے اپوزیشن کے دنوں میں حکومت پر کیا کرتے تھے۔ اس پر وزیراعظم نے قومی اسمبلی کا اجلاس ہی ختم کر دیا۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ فنانس بل پیش کرنے کے بعد حکومت نے اسے پاس کرائے بغیر قومی اسمبلی کا اجلاس منقطع کر دیا ہو۔ وزیراعظم نے لیڈر آف اپوزیشن کی تقریر کو اپنی شان میں گستاخی جانا اور اجلاس ختم کر دیا۔ ایک طویل عرصے تک سابق وزیر اعظم، نواز شریف پر کسی مغل بادشاہ کی طرح برتائو کرنے کا الزام لگتا رہا لیکن جو لوگ اُنہیں قریب سے جانتے ہیں، اور جنہوں نے اُن کے ساتھ کام کیا ہوا ہے، اُن کا تجربہ اس کے برعکس ہے۔ نواز شریف درحقیقت شریف النفس، مہربان اور روادار انسان ہیں اور بسا اوقات اُن کی فطری رواداری ہی اُن کا قصور بن جاتی ہے۔

نواز شریف پر شاہی رویہ روا رکھنے کا الزام لگانے والوں میں موجودہ وزیراعظم پیش پیش تھے لیکن اب جب پہلی مرتبہ اسمبلی میں اُن پر براہ راست تنقید کی گئی تو وہ برداشت نہیں کر پائے۔ مجھے خوشی ہے کہ پی ٹی آئی اسمبلی سے کوئی بل منظور نہیں کراتی وگرنہ ممکن ہے کہ ہم وزیراعظم کی توہین کو بھی قابلِ مواخذہ جرم بنتا دیکھتے۔ ہمارے ہاں مغربی جمہوریت کیا پنپنی تھی، ہم قرونِ وسطیٰ کے مغرب کی طرح شہنشاہ کی توہین کو جرم بنتا دیکھنے جا رہے ہیں۔

(صاحب ِ مضمون سابق وفاقی وزیر برائے مالیاتی امور ہیں)

تازہ ترین