آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار 15؍شعبان المعظم 1440ھ 21؍اپریل 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرن شپ میں بھلے سے آپ کو معاوضہ ملے یہ نہ ملے لیکن اس کی صورت میں اپنے مستقبل کو سنوارنے کا ایک قیمتی موقع ضرور ملتا ہے۔ اس سے آپ کی ملازمت کیلئے رابطےمستحکم ہونے کا امکان اور کام کرنے کا قابل قدر تجربہ حاصل ہوتاہے۔ تاہم ان سب معاملات کو آپ نے خود دیکھنا ہے اور انٹرن شپ کے دوران اپنی عمدہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کرناہے۔ اس سلسلےمیں چند مشورے حاضر ہیں :

پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں

اگر آپ نے سب کو متاثر کرناہے تو آپ کو سنجیدگی سے اپنی ذمہ داریاں نبھانی پڑیں گی۔ اپنی انٹرن شپ کو مستقل ملازمت کے طور پر لیں اور اپنا رویہ بھی پیشہ ورانہ رکھیں۔

وقت کی پابندی کا خیال رکھیں

سُست روی یا تاخیر کسی بھی ملازمت دینے والے کو پسند نہیں ہوتی۔ کھانے یا چائے کے وقفے کوہی کافی سمجھیں اور وقت پر اپنی نشست پر واپس آجائیں۔

کوئی کا م رہ نہ جائے

ہر کام دیکھ بھال کر ذمہ داری سے کریں، اگر کسی وجہ سے چھٹی کرنا ناگزیر ہو تو اپنے سپروائزر سے پیشگی اجازت لیں اور آئندہ کا ضروری کام ایڈوانس میں کرنا ممکن ہو تو کر کے جائیں۔

لباس کا خیال رکھیں

عمدہ لباس شخصیت کا آئینہ دار ہوتاہے۔ کوشش کریںکہ آفس ڈریس کوڈ پر عمل کریں۔ اس ضمن میں اپنے ساتھی کولیگز کا جائزہ لیں اور ضرورت محسوس ہو تو اس سلسلے میں کسی سے مشورہ لینے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

ہمیشہ مثبت رویہ رکھیں

کام کتنا ہی مشکل یا آسان کیوں نہ ہو، اس کو بہتر سے بہتر طریقے سے انجام دینے کی کوشش کریں۔ خو د کو مثبت اور موٹیویٹڈ رکھنے سے اس بات کی نشاندہی ہو گی کہ آپ اپنے کام اور مستقبل کے بارے میں سنجیدہ ہیں، ایسے ہی افراد کوایمپلائرز ملازمت پررکھنا پسند کرتے ہیں۔

اپنے کام سے کام رکھیں 

دفتر میں ہونے والی باتوں پر کان نہ دھریں۔ سرگوشیاںاور بلا وجہ کی باتیں آپ کی انٹرن شپ کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔ ملازمین کے بارے میں بات کرنے سے گریز کریں ورنہ آپ کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ اپنے کام سے کام رکھنا ہی بہتر ین حکمت عملی ہے۔

میل جو ل بڑھائیں

ہو سکتاہے آپ صرف واحد انٹرن نہ ہوں، اگر آپ کے ساتھ دوسرے انٹرنز ہیں تو ان کے ساتھ مل کر کام کریں۔ اپنا رویہ خوشگوار رکھیں، ان کے کام آئیں اور ان سے مدد طلب کریں۔

اضافی ذمہ داریاں 

انٹرن شپ میں مخصوص ذمہ داریاں تفویض کی جاتی ہیں لیکن اگر آپ سمجھتے ہیں کہ مزید یا نئی ذمہ داریاں نبھانے کی آپ کے اندر صلاحیت ہے تو اس بارے میں بات کرنے سے مت ہچکچائیں ۔ اگر اضافی ذمہ داریاں بھی آپ نے بخوبی نبھالیں تو آپ کی ملازمت کے مواقع قوی ہو سکتے ہیں۔

شکایت سے گریز کریں

آپ کو جو کام دیا جارہا ہے اس سے انکار کرنے یا اس کو مشکل قرار دینے سے اجتناب کریں۔ اپنے کام میں جوش وخروش دکھانے اور سپروائزر کو مفید مشورے دینےسے آپ کو مزید ذمہ داریاں مل سکتی ہیں، جو سیکھنے کے لیے اچھا ہے اور اس سے آ پ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مزید موقع بھی ملتا ہے۔

روزانہ کام کی رپورٹ کریں 

کمپنی میں آپ کو عارضی یا آفیشل ای میل دے دیا جاتاہے، اس کو استعمال کرتے ہوئے اپنے روزانہ انجام دیے جانے والے کاموں کی فہرست اپنے سپر وائزر کوای میل کرتے رہیں۔ انٹرن شپ مکمل ہونے کے بعد آپ خود بھی ایک جائزہ رپورٹ دے سکتے ہیں کہ آپ کو سب سےزیادہ دلچسپی کس چیز میں محسو س ہوئی اور کونسا کام آپ کی دلچسپی حاصل نہیں کرسکا۔ اس قسم کے جائزے سے آپ کو اپنے مستقبل کےبارے میں فیصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

نیٹ ور ک کو سمجھیں 

جس کمپنی میں آپ انٹرن شپ کررہے ہیں اورو ہ کسی نیٹ ورک کا حصہ ہےتو اس میں موجود لوگوں کو جاننے اور بات چیت کرنے سے بھی آپ کیلئے روزگار کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ آپ ان سے بات چیت یا انٹر ویو کرکے اپنی معلومات میں اضافہ کرسکتے ہیں یا پھر کام کی نوعیت کو سمجھ سکتےہیں۔ انٹرن شپ مکمل ہونے سے پہلے اپنے سپر وائزر سے اپنی کارکردگی کے بارے میں بھی پوچھ سکتے ہیں۔

ریکارڈ رکھیں

آپ جو بھی کام اپنی انٹرن شپ کے دوران کرتے رہے ہیں، اس کو ریکارڈ کرتے رہیں تاکہ بعد میں کبھی آپ بھول جائیں تو آپ کو ریکارڈ دیکھنے پر یاد آجائے کہ آپ کیا کچھ ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں