• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی 20: جنوبی افریقا کا پاکستان کو 193 رنز کا ہدف

جنوبی افریقا نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو جیت کےلئے 193 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا ہے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 192رنز بنائے،اننگز کی خاص بات کپتان فاف ڈوپلیسی اور اوپنر ریضا ہینڈرکس کی شاندار نصف سنچریاں رہیں۔

جنوبی افریقا کی طرف سے ریضا ہینڈرکس اور کلیٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 26 رنز کی شراکت قائم کی، کلیٹ 13 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

گرین شرٹس کو دوسری کامیابی کےلئے طویل انتظار کرنا پڑا، دوسری وکٹ پر کپتان فاف ڈوپلیسی نے ریضا ہنڈرکس کے ساتھ مل کر اسکور 157رنز تک پہنچادیا۔

اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، عثمان شنواری نے 16 ویں اوورز میں پہلے کپتان فاف ڈوپلیسی 78 رنز کو قابو کیا،انہوں نے 45 گیندیں کھیلی اور 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔

عثمان شنواری نے اس ہی اوور میں نئے آنے والے بیٹسمین ڈوسن کو صفر کے اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے آوٹ کیا، اپنے اگلے اوور میں پاکستانی فاسٹ بولر نے اوپنر ریضا ہنڈرکس 74 رنز کو بھی میدان سے واپسی کا راستہ دکھا دیا،ہینڈرکس نے اس دوران 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

جنوبی افریقا کی پانچویں وکٹ 178 کے اسکور پر گری،کرس مورس کو حسن علی نے ایک کے انفرادی اسکور پر بابراعظم کی مدد سے قابو کرلیا۔

میزبان ٹیم کی چھٹی اور آخری وکٹ 186 کے اسکور پر گر گئی، فہیم اشرف نے 10 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملر کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

پاکستان کی طرف سے عثمان شنواری کامیاب ترین بولر رہے،انہوں نے 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ عماد وسیم، حسن علی اور فہیم اشرف نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین