• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی 20: جنوبی افریقا نے پاکستان کو شکست دے دی

جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں 6  رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لئے 193 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری جب فخر زمان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد حسین طلعت 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 93 کے مجموعی اسکور پر گری جب بابر اعظم 38 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ چوتھی وکٹ کا نقصان آصف علی کی صورت میں ہوا جو 13 رنز ہی بنا سکے۔

اس کے بعد عماد وسیم 4 ، فہیم اشرف 8 ، رضوان 2 اور حسن علی 11 رنز جبکہ شعیب ملک 49رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ساؤتھ افریقہ کی جانب سے بیورن ہینڈرکس، مورس اور شمسی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے کیپ ٹاؤن میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 192رنز بنائے،اننگز کی خاص بات کپتان فاف ڈوپلیسی اور اوپنر ریضا ہینڈرکس کی شاندار نصف سنچریاں رہیں۔

جنوبی افریقا کی طرف سے ریضا ہینڈرکس اور کلیٹ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 26 رنز کی شراکت قائم کی، کلیٹ 13 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

گرین شرٹس کو دوسری کامیابی کےلئے طویل انتظار کرنا پڑا، دوسری وکٹ پر کپتان فاف ڈوپلیسی نے ریضا ہنڈرکس کے ساتھ مل کر اسکور 157رنز تک پہنچادیا۔

اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، عثمان شنواری نے 16 ویں اوورز میں پہلے کپتان فاف ڈوپلیسی 78 رنز کو قابو کیا،انہوں نے 45 گیندیں کھیلی اور 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔

عثمان شنواری نے اس ہی اوور میں نئے آنے والے بیٹسمین ڈوسن کو صفر کے اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے آوٹ کیا، اپنے اگلے اوور میں پاکستانی فاسٹ بولر نے اوپنر ریضا ہنڈرکس 74 رنز کو بھی میدان سے واپسی کا راستہ دکھا دیا،ہینڈرکس نے اس دوران 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

جنوبی افریقا کی پانچویں وکٹ 178 کے اسکور پر گری،کرس مورس کو حسن علی نے ایک کے انفرادی اسکور پر بابراعظم کی مدد سے قابو کرلیا۔ میزبان ٹیم کی چھٹی اور آخری وکٹ 186 کے اسکور پر گر گئی، فہیم اشرف نے 10 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملر کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

پاکستان کی طرف سے عثمان شنواری کامیاب ترین بولر رہے،انہوں نے 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ عماد وسیم، حسن علی اور فہیم اشرف نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین