• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں نے جیوپولیٹکل ایکسپرٹ اور یورو ایشیا فیوچرتھنک ٹینک کے ڈائریکٹرایڈم گیری کے چند الفاظ پڑھے اور معطر ہوگیا۔اُس نے کہا ۔ ’’عمران خان کی قیادت میں پاکستان امریکا کے سامنے ایک خودمختار ملک کی حیثیت سے کھڑا ہوگیاہے ۔پاکستان ماضی کے برعکس نظر آرہاہے۔وہ پہلی بار اقتدارمیں آئے ہیں اورابھی ان کی حکومت کوبھی چند ماہ ہوئے ہیں مگر لگ رہا ہے کہ وہ محمد علی جناح کے بعد پاکستان کے بہترین سیاسی حکمران ہوں گے۔‘‘دعا ہےکہ اللہ ایڈم گیری کی اِس پیشگوئی کوسچ کرےتاکہ پاکستان میں ہر پھول جیسے بچے کیلئے اس کے حصے کی روشنی اور ہوا موجودہو ۔وہ نیا پاکستان وجود میں آئے جس کا خواب عمران خان کے ساتھ مل کر پوری قوم نے دیکھا اور جس کےلئے ابھی تک اُن کے ساتھ کھڑی ہے ۔مگر اُن کا کیا کیا جائے جوجلدی میں ہیں ،اُن خوابوں کی تعبیر مانگتے ہیں جن کی ابھی آنکھوں تک رسائی ہی نہیں ہوئی ۔ان خیالات پر ٹی وی ٹاک کرتے ہیں جنہیں ابھی ہوا نے چھوا ہی نہیں ۔ان شہروں پرتبصرہ کرتے ہیں جنہیں ابھی آباد ہونا ہے۔ایسا نہیں ہوسکتاکہ تم خواب میں کسی کھیت میں کسی بزرگ سے ملو اور جب صبح اٹھو تو تمہارے کمرے کے کارپٹ پرجوتوں کے نشان ہوں ۔ بے شک لوح پر مستقبل لکھنے کا قلم عمران خان کے ہاتھ میں تھما دیاگیا ہے ۔روشنیوں کے متوالو ! حوصلہ رکھو۔ تبدیلی ضرور آئے گی ۔حکومت کی سمت درست ہے ۔ احتساب کا سلسلہ تیز ہے ۔خارجہ پالیسی شاندار ہے ۔افغانستان میں امن بحال ہو نے والا ہے ، پاکستان امریکہ اور طالبان میں کامیاب مذاکرات کرانے میں کامیاب ہو چکا ہے ۔امریکی فوجیں واپس جانے والی ہیں ۔تمام دوست ممالک نے سرمایہ کاری کے میدان میں پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے ۔معیشت بہتری کی طرف رواں دواں ہے ۔کسان نئے زرعی پیکیج پر خوش ہیں ۔ٹیکسوں کی تعداد سینتالیس کی بجائے سولہ کر دی گئی ہے ۔’پاکستان بنائو سرٹیفکیٹ ‘جاری کردئیےگئے ہیں جوان شاءاللہ پاکستانی معیشت کےلئے بہت فائدہ مند ثابت ہونگے۔بے نامی جائیدادوں پر قانون سازی کی جارہی ہے ۔دہشت گردی نے ذرا سا سر اٹھایا ہے مگر مجھے یقین ہے کہ حکومت افواج پاکستان کی مدد سے جلد ہی اِس کا سر کچل دے گی ۔پشاور میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے ۔بے شک تبدیلیوں کی رفتار ذراسست ہے مگر جب کہیں مضبوطی کے ساتھ پائوں رکھنا ہوتا ہے تو پھر رفتار تیز نہیں ہوسکتی ۔ہر پالیسی ایسے بنائی جارہی ہے کہ جس کے دور رس نتائج ہوں۔

عمران خان کی ٹیم پوری جاں فشانی سے کام کر رہی ہےمگر کچھ وزیرالزامات کی زد میں بھی ہیں ،عثمان بزدار وزیر اعلیٰ پنجاب کے متعلق کہا گیا کہ وہ جب ٹوبہ ٹیک سنگھ گئے تو ان کے ساتھ پروٹوکول کی چالیس گاڑیاں تھیں ۔ یہ الزام سو فیصد غلط ہے ۔ان کے ساتھ صرف چھ گاڑیاں تھیں جن میں ان کا عملہ تھا ،باقی گاڑیوں کا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تھا وہ وہاں کے ایم این ایز ، ایم پی ایز ، پی ٹی آئی کے لیڈران اور سرکاری افسران کی تھیں ۔ان کا عثمان بزدار کے پروٹوکول سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

پی آئی اے ایک سلگتا ہوامسئلہ بن گئی تھی مگراب یہ ائیر لائن بھی کامیابی کی طرف چل پڑی ہے ۔اس کی سروس کو لازمی سروس میں بدل دیاگیا ہے اب پی آئی اے میں یونین کے نام پر کوئی غلط کام نہیں ہو سکے گا ۔چار پانچ سو لوگ نکال دئیےگئے ہیں یہ صرف وہ لوگ ہیں جن کی اسناد جعلی تھیں یا ان پر کرپشن ثابت ہو چکی تھی ۔اگلے کچھ ماہ تک وہ تمام لوگ جو اپنا کام نہیں کرتے یا جنہیں کام نہیں آتاوہ بھی فارغ کر دئیے جائیں گے ۔بالکل اسی طرح پی ٹی وی کی سروس بھی لازمی قرار دی جانے والی ہے۔پی ٹی وی سے بھی جعلی اسناد رکھنے والے اور نااہل لوگوں کی ایک بڑی تعداد بہت جلدفارغ ہونے والی ہے۔پی ٹی وی وہ ادارہ جہاں پوری پوری فیملیاں ملاز م ہیں ۔ایک ایک فیملی کے چودہ چودہ لوگ بیٹھے تنخواہیں لے رہے ہیں ۔ملازمین کےمیڈیکل پر جتنےاخراجات آ رہے تھے انہیں دیکھ کر لگتا ہے پورا کا پورا پی ٹی وی کسی پرائیویٹ اسپتال میں داخل ہے۔گزشتہ رات پی ٹی وی کے ایم ڈی ارشد خان سے ملاقات ہوئی جس میں تنویر حسین ملک اور شہزاد سلیم بھی موجود تھے۔انہوں نے نئے پی ٹی وی کے جو خدو خال ترتیب دے رکھے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔جون سے پی ٹی وی میں تبدیلی واضح طور پر دکھائی دے گی ۔عمران خان کی ٹیم میں افتخار درانی بھی بہت بہتر انداز میں کام کررہے ہیں ۔ ان کی ٹیم میں ندیم افضل چن کی آمد بھی خوش کن ہے ،ندیم افضل چن کا شمار اُن لوگوں میں ہوتا ہے جو سچے دل سے لوگوں کی خدمت پر ایمان رکھتے ہیں اور انہوں نے ساری زندگی یہی کیا ہے ۔نعیم الحق کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہوتا ہے جن کے دامن پر مالی کرپشن کا کوئی داغ نہیں بلکہ عمران خان کی پوری ٹیم میں ایک بھی شخص ایسا نہیں جس کے دامن پرکرپشن کا کوئی داغ ہو۔بے شک پرویز خٹک ، بابر اعوان اورعلیم خان کے متعلق نیب تحقیقات کر رہی ہے مگر مجھے پورا یقین ہے کہ اِن تینوں پر بھی کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوگا ۔وزیر مذہبی امور نور الحق قادری بھی اِس ٹیم میں ایک دمکتے چمکتے ہوئے شخص ہیں ۔انہوں نے تاریخ سازحج پالیسی دی ہے۔یقیناََ اب حجاج کو زیادہ بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔اُن سے گزارش ہے کہ کچھ ایسا بھی کریں جس کی بدولت غریب آدمی بھی حج کی سعادت حاصل کر سکے ۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نےصاف پانی کا کام اپنے ذمہ لے رکھا ہے ۔مجھے یقین ہے کہ ان کی کوششوں سے بہت جلد پنجاب بھر کے عوام کو پینے کےلئے صاف پانی وافر مقدار میں ملے گا ان سے گزارش ہے کہ کچھ توجہ سیوریج سسٹم کی طرف بھی دیں کیونکہ تباہ حال سیوریج سسٹم کی وجہ سے پورے پنجاب کا پانی زہریلا ہوا ہے اگر اسے درست کردیا جائے تو چند سالوں کے بعد زمین سے نکلنے والا پانی پھرپینے کے قابل ہوجائے گا ۔

تازہ ترین