• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پابندی کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی نہ رک سکی

لاہورمیں پابندی کے باوجود شہر میں پتنگ بازی نہ رُک سکی ، مختلف مقامات پر3شہری ڈورپھرنےسے زخمی ہو کر اسپتالوں میں پہنچ گئے۔

لاہورمیں پتنگ بازوں نےپتنگ بازی پر پابندی کو ہوا میں اڑا دیا،مغل پورہ،ہربنس پورہ،فتح گڑھ،والٹن، اوراچھرہ سمیت کئی علاقوں میں دن اور رات کے اوقات میں پیچے لڑائےجاتےرہے۔

فیکٹری ایریا والٹن روڈ پر 35 سالہ موٹر سائیکل سوار ماجد اور40سالہ فقیر حسین گردن پر ڈور پھرنےسے زخمی ہو گئےجبکہ ایک شخص کاہاتھ ڈور پھرنے سے کٹ گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈور پھرنے سے3افرادکے زخمی ہونے کا نوٹس لیتےہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی اور حکم دیاہےکہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

دوسری طرف سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے پولیس کو پتنگ بازی پر پابندی کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے ۔

سی سی پی او لاہور نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقے میں پتنگ بازی کے خلاف ایکشن لیں۔

بی اے ناصرنے کہا کہ پتنگ بازی کیخلاف کارروائی کے دوران قانونی طریقہ کار ہی اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اسکولوں اور عوامی مقامات پر پتنگ بازی کے نقصانات کی آگاہی مہم چلائے۔

تازہ ترین