• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

یوم یکجہتی کشمیر، بارسلونا میں احتجاجی ریلی

دُنیا بھر کی طرح پاک فیڈریشن اسپین کی کشمیر کونسل کے زیر اہتمام بھی بارسلونا کے علاقے رامبلہ راوال میں یوم یکجہتی کشمیر کے عنوان سے ریلی نکالی گئی جس میں کشمیری اور پاکستانی خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی میں پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شریک تھے ۔

ریلی رامبلہ راوال سے ہوتی ہوئی بارسلونا کے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ تک پہنچی جہاں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں جاری جارحیت کی تصاویر آویزاں تھیں اور بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء بارسلونا کی گلیوں اور سڑکوں پر کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لہراتے مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

ریلی میں بچوں اور خواتین نے کشمیریوں کے دُکھ اور کرب کو نظموں اور گیتوں کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے رکھا۔

ریلی میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا کے ویلفیئر قونصلر عمر عباس بھی شامل تھے جنہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا کشمیری کی آزادی کے متعلق موقف دو ٹوک اور واضح ہے، ہماری حکومت کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی امداد جاری رکھے گی۔

ریلی سے راجہ بابر ناصر، راجہ مختار سونی، راجہ نامدار اقبال خان، چوہدری ثاقب طاہر، ڈاکٹر ہما جمشید، کامران خان، عاطف ظہیر، حاجی اسد حسین سمیت دوسرے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر ساری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، بھارت کو چاہئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔

مقررین کا کہنا تھاکہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ سمیت بڑی طاقتوں کو نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا ہے مگر بھارت آج تک انکار کر رہا ہے، پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑے گی اور کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا سلسلہ اسی طرح پرزور طریقے سے جاری رکھے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک دن بھارت کشمیریوں کو حق خودارادیت دے گا کیونکہ عالمی برادری اس کا وعدہ کر چکی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کا دیا جانے والا لاکھوں جانوں کا نذرانہ انہیں آزادی کا سورج دکھائے گا۔

اس موقع پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔


تازہ ترین
تازہ ترین