• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اُبھرتے ستاروں کی آپس میں شادیاں کامیاب ہونگی؟

جنگ نیوز
ایمن خان اور منیب بٹ
ماضی کے برعکس متعدد آرٹسٹ شادی کے بعد بھی شہرت کی بلندیوں پر ہیں۔ گزشتہ برس کئی فن کار رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ سب سے زیادہ چرچا، ابھرتے ہوئے ستارے فیروز خان، ایمن خان، منیب بٹ، عائشہ خان، عمران اشرف و دیگر فن کاروں کی شادیوں کا رہا۔

’’آج میرے یار کی شادی ہے۔۔ میرا یار بنا ہے دولہا۔۔ ہے مبارک آج کا دن رآت آئی ہے سہانی، شادمانی او شادمانی۔۔ بابل کی دعائیں لیتی جا، جا تجھ کو سُکھی سنسار ملے، میکے کی کبھی نہ یاد آئے سسرال میں اتنا پیار ملے۔۔ گھر میں ہمارے آئی دُلہن سکھی پھول برسائو۔۔ یہ گلیاں یہ چوبارا یہاں آنا نہ دوبارہ کہ تیرا یہاں کوئی نہیں۔۔ چلو رے ڈولی اٹھائو کہار پیا ملن کی رت آ گئی۔۔ خوشی خوشی کر دو وداع تمہاری بیٹی راج کرے گی۔۔ او میں تو چھوڑ چلی بابل کا دیس پیا کا گھر پیارا لگے‘‘۔ یہ وہ گیت تھے، جو ماضی میں شادی بیاہ کے موقع پر لڑکے اور لڑکی والے ہفتہ بھر گنگناتے تھے۔ ان گیتوں میں خوشیاں رقص کرتی محسوس ہوتی تھیں اور لڑکیوں کی رخصتی کے نغموں میں ایسا سوز ہوتا تھا کہ سُننے والوں کی آنکھیں اشکبار ہو جاتی تھیں۔ اب تو سب کچھ بدل گیا۔ شادی بیاہ کے رسیلے گیتوں کی جگہ فلمی آئٹم سونگ نے لے لی ہے۔ پاکستان میں ہونے والی شادی بیاہ کی تقریبات میں بالی وڈ فلموں کے آئٹم سونگ پر رقص کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ آج کل ٹیلی ویژن نگری پر راج کرنے والے اُبھرتے ہوئے ستاروں کی شادیوں کے موقع پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ آج کل نئے فن کاروں کی آپس میں شادی بیاہ کی روایت عام ہوتی جا رہی ہے۔ کم عمری اور شہرت کی بلندیوں کے باوجود فن کاروں میں شادیوں کا چلن عام ہورہا ہے، بلکہ اس رحجان میں تیزی آرہی ہے۔ گزشتہ برس ٹیلی ویژن کے کئی ستاروں نے شادیاں رچائیں۔ فن کاروں نے ماضی کی اس روایت کو توڑا ہے کہ پہلے فن کار اپنا کیریئر بنائے اور عمر کے آخری حصے میں شادی کرے۔ ٹیلی ویژن اور فلموں کے جانے پہچانے فن کار دانش تیمور اور عائزہ خان نے اپنے کیریئر کے عروج پر شادی کی اور ان کے دو بچے ہیں، دونوں اسٹارز کام یاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور شوبزنس میں بھی سرگرمی سے کام کررہے ہیں۔ اسی طرح بہروز سبزواری کے صاحب زادے شہروز سبزواری نے ڈراموں اور فلموں کی اداکارہ سائرہ سے شادی کی اور دونوں کام یابی کے ساتھ ازدواجی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ جیو کے مقبول ڈرامے ’’کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے فن کار کنور ارسلان اور فاطمہ آفندی کو ڈراموں کی شوٹنگز کے دوران عشق ہوا اور دونوں نے شادی کی اور اب وہ اپنے بچوں کے ساتھ بہت خوش ہیں۔ پُرانے زمانے میں فنکارائیں شادیاں چُھپ کر کرتی تھیں اور بچوں کو بھی منظرعام پر نہیں لاتی تھیں۔ نئی نسل کے فن کار اس کے برعکس کام کر رہے ہیں۔ وہ شادیاں بھی دُھوم دَھام سے کر رہے ہیں اور اپنے بچوں کے ساتھ مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو بھی دیتے ہیں۔ ان دنوں ٹیلی ویژن کی سپراسٹار آمنہ شیخ اور مُحب مرزا کی بیٹی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ گزشتہ برس بالی وڈ میں بھی شادیوں کا موسم غالب رہا۔ بالی وڈ کی صفِ اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، نیہا دھوپیا، سونم کپور، ہمیش ریشمیا، کپل شرما اور پریانکا چوپڑا نے اپنے گھر بسائے۔ پاکستان کے فن کار اس میدان میں کسی سے کیوں پیچھے رہتے، انہوں نے بھی2018ء میں دُھوم دَھام سے شادیاں کیں۔ سب سے زیادہ چرچا، جیو کے سپر ہٹ ڈرامے خانی، رومیو ویڈز ہیر اور دل کیا کرے کے ہیرو فیروز خان کے علاوہ ایمن خان، منیب بٹ، عائشہ خان، عمران اشرف و دیگر فن کاروں کی شادیوں اور اس موقع پر ہونے والی تقاریب کا رہا۔ سب سے اہم بات یہ بھی سامنے آئی کہ ٹیلی ویژن نگری کے ابھرتے ستاروں کی خوشیوں میں سینئر فن کاروں نے نہ صرف شرکت کی بلکہ اس موقع پر دل کش رقص کر کے خوشی، مسرت اور شادمانی کا اظہار بھی کیا۔ ٹیلی ویژن کی اسکرین پر نہایت قلیل عرصے میں برق رفتاری سے ناظرین کے دل جیتنے والی جڑواں بہنیں ایمن خان اور منال کو کون نہیں جانتا۔ گزشتہ برس ایمن خان نے نئی نسل کے خوب صورت اداکار منیب بٹ سے شادی کی۔ ان دونوں فن کاروں کی شادی کی رسوم دو ماہ تک جاری رہیں۔ اس بارے میں سوشل میڈیا پر بھی ایک بحث چھڑ گئی تھی۔ 

اُبھرتے ستاروں کی آپس میں شادیاں کامیاب ہوں گی؟
عمران اشرف اپنی دلہن کرن کے ساتھ

دونوں فن کاروں کو خاصا تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ ایمن اور منیب بٹ کی منگنی2017ء میں ہوئی تھی، جب کہ شادی کی تقریبات کا آغاز2018ء کے آخری ماہ میں کیا گیا۔ ان کی ڈھولکی سے تقریب شان دار انداز میں لاہور میں منعقد کی گئی تھی بعدازاں کراچی میں تقریبات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ شادی کی نت نئی رسوم بھی ہوئیں، جس میں سلمبر پارٹی، برائیڈل شاور، پری ویڈنگ پارٹی، مایوں، دونوں کی مشترکہ رسم مہندی وغیرہ زبردست انداز میں منعقد ہوئیں۔ ولیمے کی تقریب میں عزیز و اقارب کے ساتھ شہرت یافتہ فن کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایمن خان نے ولیمے میں فیشن ڈیزائنر ارم خان کا تیار کردہ لباس پہنا تھا۔ فل ایمبرائیڈڈ لانگ ٹیل کے ساتھ میکسی اسٹائل، دُلہن پر اچھا لگ رہا تھا۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ایمن خان نے بتایا کہ ہماری شادی کی تقریبات پر تنقید کرنے والوں کو خوش ہونا چاہیے۔ ہماری شادی ہے، اسے ہم زبردست انداز میں کیوں نہ کریں۔ اب دور بدل گیا ہے۔ اداکارائوں کی شادی خفیہ نہیں رکھی جاتی۔ منیب بٹ نے بتایا کہ میں ان تمام فن کار ساتھیوں کا شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے مل کر ہماری خوشیوں کے رنگوں میں بھرپور اضافہ کیا۔ تمام مداحوں سے درخواست کریں گے کہ وہ ہمارے لیے دعا کریں۔

اُبھرتے ستاروں کی آپس میں شادیاں کامیاب ہوں گی؟
فیروز خان اپنی شریک حیات کے ساتھ

ٹیلی ویژن انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے سپراسٹار فیروز خان نے اپنے کیریئر کے عروج پر گزشتہ برس شادی کی۔ فیروز خان کی شادی میں سب سے زیادہ خوشی ان کی فن کار بہنوں حمائمہ ملک اور دُعا ملک کو ہوئی۔ ان دونوں بہنوں نے بھائی کی شادی میں زبردست خوشی کا اظہار کیا۔ جیسے ہی فیروز خان کی شادی کا اعلان ہوا، مداحوں کو دُلہن کی تصویر دیکھنے کے لیے سوشل میڈیا پر پیغامات آنا شروع ہو گئے۔ فیروز خان کی رسمِ حنا میں صف اول کے سِتاروں کا میلہ لگ گیا تھا۔ بھارتی فلموں میں کام کر کے شہرت حاصل کرنے والے سپراسٹار فواد خان نے اپنی اہلیہ صدف خان کے ساتھ شرکت کی، جہاں نظر پڑتی تھی، فن کار ہی فن کار نظر آتے تھے۔ فلموں اور ڈراموں میں یکساں مقبولیت رکھنے والے نامور اداکار ہمایوں سعید، فیشن کی دُنیا کی مقبول شخصیت حسن شہریار، فلم انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ عروہ حسین، گلوکار فرحان سعید، نامور ہدایت کار یاسر نواز اور ندا یاسر نے ساتھی فن کار کی شادی میں اپنی بھر پور خوشی کا اظہار کیا اور مہندی کی تقریب میں رنگ جمایا۔ فن کاروں کے علاوہ کرکٹر احمد شہزاد نے بھی کھلاڑیوں کی نمائندگی کی۔ مہندی کی تقریب میں دیگر فن کاروں کے ساتھ دُلہا دُلہن بھی جُھومتے نظر آئے۔ فیروز خان کی شادی مارچ میں ہوئی تھی، جب کہ ولیمہ اپریل میں ہوا۔ سینئر اور جونیئر فن کاروں کی پرفارمنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل بھی ہوئی۔ ٹیلی ویژن ڈراموں کی معروف اداکارہ عائشہ خان کی شادی بھی گزشتہ برس میڈیا کی زینت بنی رہی۔ عائشہ خان نے شادی سے چند روز قبل شوبزنس کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ البتہ انہوں نے میڈیا سے دُوری کی وجہ نہیں بتائی تھی۔ ان کی شادی کی خبر منظرعام پر آئی تو میڈیا کو وجہ معلوم ہوئی۔ عائشہ خان کی شادی عقبہ ملک سے ہوئی، جن کا تعلق پاک آرمی سے ہے۔ عائشہ خان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے ہیں، اس کے بعد شادی کا فیصلہ کیا۔ 

اُبھرتے ستاروں کی آپس میں شادیاں کامیاب ہوں گی؟
عائشہ خان اپنے شوہر کے ہمراہ

عائشہ خان نے درجنوں ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور تین، چار فلموں میں بھی کام کیا۔ ٹیلی ویژن کے ابھرتے ہوئے ایک اور مقبول اداکار عمران اشرف بھی گزشتہ برس رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ ان کی شادی معروف ماڈل و فن کارہ کرن اشفاق حسین ڈار کے ساتھ ہوئی۔ دونوں ٹیلی ویژن نگری میں خُوب نام کما رہے ہیں۔ کئی سپرہٹ ڈرامے ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ ان کی شادی کی تقریب میں ہمایوں سعید، شہزاد شیخ، یاسر نواز، نیلم منیر، آغا علی نے شرکت کی۔ فن کاروں کے بھنگڑے اور دل کش رقص نے محفل میں سماں باندھ دیا تھا۔ ٹیلی ویژن نگری میں فن کاروں کی آپس میں شادیوں کے چلن کو اچھا شگون مانا جا رہا ہے۔ فن کاروں کی شادیاں، ان کے کیریئر میں رکاوٹ نہیں بن رہیں، بلکہ اس سے اداکارائوں کو تحفظ حاصل ہو رہا ہے اور وہ اعتماد کے ساتھ شوبزنس کے مشکل ترین سفر میں آسانی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور کام یابیاں سمیٹ رہی ہیں۔ ایک جانب اداکارائیں گھر کو مکمل وقت دے کر سسرال والوں کی آنکھ کا تارا بنی ہوئی ہیں، تو دوسری جانب اسکرین پر فن کارانہ صلاحیتوں سے لاکھوں دلوں پر حکم رانی کر رہی ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین