• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ ہفتے میں ایک بار سی فوڈ کا استعمال دماغی صحت کے لیے بے حد مفید ہےکہ مچھلی میںجو اومیگا تھری فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں، وہ یادداشت کی کم زوری سے محفوظ رکھتے ہیں، دماغی صلاحیت تیز کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی ان گنت فوائد کے حامل ہیں۔تو لیجیے، آج ذرامچھلی اورجھینگےکی کچھ مزے دار تراکیب ٹرائی کرکے دیکھیں۔

مچھلی فلے ود ساس

اجزاء: مچھلی کے فلے(چوکوردھو کرصاف کرلیں )ایک کلو، پیاز ایک عدد(باریک کاٹ لیں)، لہسن تین جوے(چوپ کیے ہوئے)، ادرک(باریک کٹی ہوئی)ایک درمیانہ ٹکڑا، برائون شوگر ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ(پِسی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، میدہ دو کھانے کے چمچ، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب: ایک پیالے میںمچھلی کے فلے ، نمک اور کالی مرچ ڈال کر تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ اس دوران میدہ گھول لیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے مچھلی کے ٹکڑے میدے میں ڈبو کر فرائی کرکےڈش میںرکھ دیں۔اب ساس بنانے کے لیے پین میں تیل گرم کریں اور اس میں ادرک، لہسن، پیاز ڈال کر نرم ہونے تک بھونیں۔پھرلال مرچ، برائون شوگر، سویاساس، نمک، لیموں کا رس، کالی مرچ اورحسبِ ضرورت پانی شامل کرکے تیز آنچ پر گاڑھا ہونے تک پکالیں۔ ساس کو مچھلی کے فلے کے اوپر ڈال کر گرما گرم پیش کریں۔

مچھلی،جھینگا مکس کباب

اجزاء: مچھلی کے قتلے(بون لیس)تین سو گرام، جھینگے(دھو کر صاف کیے ہوئے)دوسو گرام،آلو(اُبال کر میش کرلیں)دو عدد، انڈے دو عدد، ڈبل روٹی کا چورا ایک کپ، پیاز ایک عدد، ہری پیاز (باریک کاٹ لیں)دو عدد، ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی)چار عدد، ہرا دھنیا ایک گڈّی، پودینا(چوپ کیا ہوا)دو کھانے کے چمچ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ،کالی مرچ(پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ،گرم مسالا(پِسا ہوا)آدھا چائے کا چمچ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب: پہلے بلینڈر میںمچھلی،جھینگے پیاز اورہری مرچیںڈال کراچھی طرح بلینڈکر لیں۔پھر اس میںباقی اجزاءاور ایک انڈاپھینٹ کر اچھی طرح مکس کریں اور گول گول کباب بنالیں۔ بعد ازاں، پین میں تیل گرم کرکے کبابوں کوپہلےپھینٹے ہوئے انڈے کے آمیزے میں ڈبو ئیں اورپھرڈبل روٹی کاچورا اچھی طرح لگاکر فرائی کرلیں۔مزے دارکباب کیچپ یا ہری چٹنی کے ساتھ سَرو کریں۔

مچھلی کا سالن

اجزاء: مچھلی کے چوکورقتلےایک کلو، پیاز باریک(کٹی ہوئی)ایک عدد، لہسن(پِسا ہوا)دو کھانے کے چمچ، دہی چھے کھانے کے چمچ،ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ،لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا(پِسا ہوا)ایک چائے کا چمچ، ہری مرچیں(باریک کاٹ لیں)چھے عدد، ٹماٹر دو عدد،میتھی پاؤڈر تین کھانے کے چمچ، لیموںایک عدد، نمک حسبِ منشاء، تیل تین کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں حسبِ ضرورت سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کے ٹکڑے دھو کر،نمک لگا کر رکھ دیں۔پھر آٹا یا بیسن مل کر دوبارہ دھوکر چھلنی میں رکھ دیں،تاکہ بو ختم ہوجائے اور مچھلی خشک بھی ہوجائے۔ پھر ایک کھلے منہ کے برتن میں تیل گرم کرکے پیاز برائون کرلیں۔پھر اس میں دہی سمیت تمام اجزاء ڈال کر پکانے کے لیے رکھ دیں، جب ٹماٹر نرم ہوجائیں،تو اس میں مچھلی شامل کرکے ہلکی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں۔آخر میں لیموں کا رس چِھڑک کر ہرے دھینے اور ہری مرچوں سے سجا کر پیش کریں۔

فِش فرائیڈ رائس

اجزاء: مچھلی کےٹکڑے(چوکوردھلے ہوئے صاف )آدھا کلو، چاول (اُبلے ہوئے)تین کپ، پیاز ایک عدد، ہری پیاز(باریک کٹی ہوئی)ایک کپ، شملہ مرچ ایک عدد، گاجر ایک عدد، سویا ساس دو چائے کے چمچے، فش ساس آدھا چائے کا چمچ، چلی ساس ایک چائے کا چمچ، ادرک(چوپ کیا ہوا)ایک انچ کا ٹکڑا، لہسن چارجوے،کالی مرچ(پِسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، کارن فلور ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب: پہلے شملہ مرچ اورگاجر چوکور چھوٹے پیسز میں کاٹ لیں۔پھرایک پیالے میں مچھلی، سویا ساس اورکالی مرچ ڈال کردس منٹ کے لیے رکھ دیں۔بعد ازاں اس میں کارن فلور بھی مکس کردیں۔اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے،مچھلی کے ٹکڑےفرائی کرلیں۔ الگ پتیلی میں تیل گرم کرکے لہسن اور ادرک بھون لیں۔ پھراس میں پہلےپیاز ڈال کر سنہری کریں اورپھر ہری پیاز، شملہ مرچ اور گاجر بھی ڈال کرفرائی کرلیں۔ اب اس میں فش ساس، چلی ساس، نمک اور فرائی مچھلی شامل کردیں۔دومنٹ بھون کر اس میں چاول ڈال کر اچھی طرح سے مکس کرلیں اور گرما گرم پیش کریں۔

(حنا کامران ،کراچی)

جھینگا کڑاہی

اجزاء: جھینگے(دھلے ہوئے) 250گرام، ہری مرچیں(باریک کاٹ لیں)دو عدد، ہرا دھنیا(چوپ کیا ہوا)ایک گڈی، ٹماٹر(چوپ کیے ہوئے)چار عدد، ہری مرچیں(لمبائی میں باریک کاٹ لیں)چار عدد، لیموں دو عدد، ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ، ادرک (باریک کاٹ لیں)ایک انچ کا ٹکڑا، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل ایک پیالی۔

ترکیب: پہلےثابت دھنیا، کالی مرچیں اور سفید زیرہ پِیس لیں۔ پھرکڑاہی میں تیل گرم کرکے جھینگوں کو پانچ منٹ تک پکاکر نکال لیں۔اسی کڑاہی میں(سوائے ہرا دھنیا اور کٹی ہوئی ادرک کے )تمام اجزاءڈال کر،ایک لیموں کا رس نچوڑ لیں اور تھوڑا سا پانی شامل کرکے ٹماٹر نرم ہونے تک پکنے دیں، جب پانی خشک ہوجائے،تو بھُون کر جھینگے شامل کردیں۔ چند منٹ تک پکاکر ہرا دھنیا مکس کرکےچولھا بند کردیں۔ ڈش میں نکال کراوپر سے لیموں کا رس اور ادرک ڈال کر گرما گرم پیش کریں۔

(سلمیٰ بتول،لاہور)

تازہ ترین