• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 06 فروری ، 2019

ہمالیہ، ہندوکش کے ایک تہائی گلیشیئرز کے خاتمے کا خدشہ

ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث ہمالیہ اور ہندو کش سلسلے میں ایک تہائی گلیشیئرزکے ختم ہو جانے کا خدشہ ہے۔

اس بات کا انکشاف انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیولپمنٹ (International Centre for Integrated Mountain Development) کے ماہرین کی تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان پہاڑی سلسلوں کا ایک تہائی حصہ ایک صدی سے بھی کم عرصے میں خالی چٹانوں میں تبدیل ہو جائے گا۔


رپورٹ کے مطابق اس صدی کے اختتام تک درجۂ حرارت میں اضافے کو 1اعشاریہ 5 سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر بھی لیے گئے تو بھی ان گلیشیئرز کا 36 فیصد حصہ ختم ہو جائے گا۔

رپورٹ میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اس کا سب سے بڑا اثر مون سون کے موسم میں تبدیلی اور مون سون سے پہلے دریاؤں کے بہاؤ میں کمی سے پاکستان، نیپال، بھارت اور دیگر قریبی ملکوں کے شہری علاقوں میں پانی، خوراک اور توانائی کی پیداوار پر پڑے گا۔