• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی 20: پاکستان کا جنوبی افریقا کو 169رنز کا ہدف

تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو میچ جیتنے کے لئے 169رنز کا ہدف دیا ہے۔

تین میچوں کی سیریز جنوبی افریقا پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔

جنوبی افریقا کے کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بابر اعظم اور فخرزمان نے تیزرفتار آغاز دیا لیکن لمبی شراکت قائم نہ کرسکے اور 24رنز پر بابراعظم دھواں دار 23رنز بناکر موریس کی گیند پر میلان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے صرف 11 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکے لگائے۔

دوسری وکٹ فخر زمان کی گری، وہ 17رنز بناکر ہینڈرکس کا شکار بنے۔

اوپنرز کی واپسی کے بعد محمد رضوان اور شعیب ملک نے اننگز آگے بڑھائی اور اسکور 89 تک پہنچایا، رضوان 26رنز بناکر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

پاکستان ٹیم کو بڑا نقصان اُس وقت اٹھانا پڑا جب رن لینے کی کوشش میں دونوں بیٹسمین غلط فہمی کا شکار ہوگئے اور شعیب ملک اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔ اگلے ہی اوور میں حسین طلعت بھی پویلین لوٹ گئے، وہ صرف3رنز بناسکے۔

عماد وسیم 19رنز بناکر ہینڈرکس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، فہیم اشرف نے 4رنز بنائے جبکہ محمد عامر نے بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ لی۔

شاداب نے صرف 8 گیندوں پر 3چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 22رنز بنائے، اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے۔

ہینڈرکس جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب بولر رہے اور صرف 14رنز دے کر 4وکٹیں لیں، موریس نے 2 جبکہ سیپاملا اور فیلو کوایو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے ٹاس جیت کر پروٹیز کپتان ڈیوڈ ملر کا کہنا تھا کہ وکٹ کافی سیدھی دکھائی دے رہی ہے، حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ آخری دو میچز میں ہم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اہم موقع پر ہم چُوک گئے۔

شعیب ملک نے مزید کہا کہ یہ آخری میچ ہے اور سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔

آئی سی سی رینکنگ کی نمبر ون ٹیم پاکستان کو سیریز کے دونوں میچز میں شکست ہو چکی ہے، گرین شرٹس کو اب کلین سوئپ سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔

تازہ ترین