• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا T20،پاکستان نے جنوبی افریقا کو 27 رنز سے ہرادیا

تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 27 رنز سے شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز جنوبی افریقا پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 5 کے مجموعی اسکور پر ہینڈرکس کو شاہین آفریدی نےآؤٹ کردیا، اسکور میں صرف 9رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ میلان 2رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، یوں صرف 14رنز پر دونو ں اوپنر پویلین لوٹ چکے تھے۔


دو وکٹیں جلد گرنے کےبعد وین ڈر ڈوسین اور وکٹ کیپر بیٹسمین کلاسین نے رنز بنانے کی ذمہ داری لی تاہم کلاسین لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 2رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 30رنز تھا۔

کپتان ڈیوڈ ملر کو 13رنز پرشاداب خان نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، جنوبی افریقا کی پانچویں وکٹ 72 کے مجموعی اسکور پر گری جب وین ڈر ڈوسن 41 فہیم اشرف کی بال پر کپتان شعیب ملک کو کیچ دے بیٹھے۔

مہمان ٹیم کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پھیلوکایو تھے وہ 10 رنز بنا کر شاداب خان کی شاندار بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ہینڈرکس اور دالا کو محمد عامر نےبالترتیب 3 اور 5 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔

جنوبی افریقا کی نویں وکٹ سیپالہ کی گری جو بغیر کوئی رن بنائے فہیم اشرف کی بال پر کلین بولڈ ہوئے۔

اس سے قبل میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بابر اعظم اور فخرزمان نے تیزرفتار آغاز دیا لیکن لمبی شراکت قائم نہ کرسکے اور 24رنز پر بابراعظم دھواں دار 23رنز بناکر موریس کی گیند پر میلان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے صرف 11 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکے لگائے۔

دوسری وکٹ فخر زمان کی گری، وہ 17رنز بناکر ہینڈرکس کا شکار بنے۔

اوپنرز کی واپسی کے بعد محمد رضوان اور شعیب ملک نے اننگز آگے بڑھائی اور اسکور 89 تک پہنچایا، رضوان 26رنز بناکر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

پاکستان ٹیم کو بڑا نقصان اُس وقت اٹھانا پڑا جب رن لینے کی کوشش میں دونوں بیٹسمین غلط فہمی کا شکار ہوگئے اور شعیب ملک اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔ اگلے ہی اوور میں حسین طلعت بھی پویلین لوٹ گئے، وہ صرف3رنز بناسکے۔

عماد وسیم 19رنز بناکر ہینڈرکس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، فہیم اشرف نے 4رنز بنائے جبکہ محمد عامر نے بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ لی۔

شاداب نے صرف 8 گیندوں پر 3چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 22رنز بنائے، اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 168رنز بنائے۔

ہینڈرکس جنوبی افریقا کے سب سے کامیاب بولر رہے اور صرف 14رنز دے کر 4وکٹیں لیں، موریس نے 2 جبکہ سیپاملا اور فیلو کوایو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے ٹاس جیت کر پروٹیز کپتان ڈیوڈ ملر کا کہنا تھا کہ وکٹ کافی سیدھی دکھائی دے رہی ہے، حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ آخری دو میچز میں ہم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اہم موقع پر ہم چُوک گئے۔

شعیب ملک نے مزید کہا کہ یہ آخری میچ ہے اور سیریز کا اختتام اچھے انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی رینکنگ کی نمبر ون ٹیم پاکستان کو سیریز کے دونوں میچز میں شکست ہو چکی تھی ، گرین شرٹس کو کلین سوئپ سے بچنے کا چیلنج درپیش تھا۔

تازہ ترین