• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیسن کا نام سنتے ہی ذہن میں پکوڑے، دہی بڑے، چٹ پٹی چاٹ، بیسن کے لڈو، بیسن کا حلوہ اور کڑی آجاتی ہے، جہاں بیسن روز مرہ کی لذیذ ڈشز سے تقویت بخشتا ہے وہیں یہ جلد کے تمام مسائل و پریشانی کو دور کرنے کی خصوصیات بھی رکھتا ہے۔

ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ اگر بیسن کو صحیح اور مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ انسانی جلد کے لیے نہایت مفید ہے۔ بیسن کو دوسرے اجزاء کے ساتھ مکس کر کے چہرے پر لگانے سے ہر طرح کے جلدی مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کا استعمال ماسک کے طور پر بھی کیا جاسکتا ہے۔

بیسن کا ایک اور استعمال یہ بھی ہے کہ یہ گھر میں بنے والے ’اُبٹن‘ میں لازمی طور پر شامل کیا جاتاہے، اس کا کام جلدکی خوبصورتی کو مزید نکھارنا اور دلکش بنانا ہے۔ بیسن کے بے شمار فوائد میں رنگ گورا کرنا، داغ دھبے صاف کرنا اور جلد پر سے غیر ضروری بالوں کو صاف کرنا ہے۔

بیسن کا استعمال کیسے کیا جائے؟

خشک جلد کے لیے اس ماسک کا استعمال کریں، ماسک بنانے کا طریقہ:

3 کھانے کے چمچ بیسن میں 2 کھانے کے چمچے شہد، 1 کھانے کا چمچہ فریش کریم اور ہلکا سا دودھ ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں اور چہرے پر لگائیں، 10 سے 15 منٹ لگے رہنے کے بعد چہرہ ٹھنڈے دودھ یا پانی سے دھو لیں۔

دوسرا طریقہ: ایک پیالی میں 2 کھانے کے چمچے بیسن لیں اور اس میں دودھ یا بالائی، شہد اور 1 چٹکی ہلدی پاوٴڈر شامل کر کے بہترین سا پیسٹ بنالیں۔ اب اس فیس پیک کو پورے چہرے پرلگا کر 15 منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔ جب یہ خشک ہو جائے تو پانی سے دھو کر صاف کر لیں۔

چکنی جلد کے لیے یہ اسکرب لگائیں، بنانے کا طریقہ:

3کھانے کے چمچ بیسن میں 2 کھانے کے چمچے لال مسور دال کا پاؤڈر، آدھے لیموں کا رس اور آدھا چمچ کافور پائوڈر شامل کر نے کے بعد ان تمام اجزاء کو عرق گلاب ڈال کرمکس کرلیں اور چہرے پر لگائیں۔ جب سوکھ جائے تو پانی کے ساتھ ہلکا ہلکا مساج کریں اور پھر چہرہ دھو لیں۔

دوسرا طریقہ: بیسن میں تھوڑے سے قطرے عرق گلاب کے شامل کرکے اس کو چہرے اور گردن پر لگائیں۔ جب یہ خشک ہوجائے تو نیم گرم پانی سے چہرے کو اچھی طرح دھولیں اور تمام بیسن صاف کر دیں۔

چہرے پر داغ دھبوں کے لیے، طریقہ:

بیسن میں کھیرے کا رس شامل کر کے پیسٹ تیار کر لیں اور اس کو پورے چہرے پر لگائیں، خشک ہو جائے تو نیم گرم پانی سے دھولیں۔ اسے روزانہ باقاعدگی سے دن میں ایک بار ضرور لگائیں۔

تازہ ترین