بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان اور پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی مشہوربالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل میں اب کرینہ کپور صبا قمرکی جگہ لے لیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سال2017 کی سپر ہٹ فلم ’ہندی میڈیم‘ عرفان خان اور صبا قمر کی باکمال اداکاری اور لا جواب کہانی کی بدولت شائقین کے دلوں کو متاثر کرنے میں بے انتہا کامیاب رہی جس کے بعد فلم میکرز نے ہندی میڈیم کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا ۔
فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اس کا سیکوئل بنانے کااعلان کیاگیاتھا، تاہم اب فلم میں صبا قمر کی جگہ بالی ووڈ کی بے بو کرینہ کپور کے نام پر مرکزی اداکارہ کے لیے غور کیاجارہاہے۔
رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور خان سے فلم ’ہندی میڈیم 2‘ میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا، جس پرکرینہ غور کررہی ہیں تاہم انہوں نے ابھی کوئی جواب نہیں دیا۔
’ہندی میڈیم‘ میں صبا قمر کے ساتھ عرفان خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا جبکہ ہندی میڈیم 2 میں بھی عرفان خان ہی مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگرکرینہ اس فلم کے لیے مان جاتی ہیں تو یہ کرینہ کپور اور عرفان خان کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور اس وقت نئی فلم ’گڈ نیوز‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ اداکار اکشے کمار کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔