• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان غاروں میں رہتا تھا اور پتھروں میں زندگی گزارتا تھا۔ اسٹون ایج کے بعد کئی صدیاں گزرگئیں پھر بھی پتھر ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ پتھر اور پتھر سے تراشیدہ دیواریں اور دیگر چیزیںآج بھی ہمارے گھروں کا حصہ ہیں۔ پتھر اور انسانی رشتہ اتنا مضبوط ہے کہ ہماری نرم و نازک جمالیات میں بھی اس کا ذکر آہی جاتا ہے بقول مصطفیٰ زیدی ـ

ؔانہی پتھروں پر چل کر اگر آسکو تو آئو

میرے گھر کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے

آج کل داخلی دروازے سے لےکر اندرونِ خانہ پہنچنے تک ایسے ایسے دلکش پتھر بچھائے جاتے ہیں ، جو سبزہ زار کے بیچوں بیچ نت نئے انداز اور سلیقوںسے ایک نگینہ کی طرح فٹ دکھائی دیتےہیں۔ تاہم پتھروں کا استعمال صرف داخلی راستے تک محدود نہیں بلکہ ان کا استعمال کہیں بھی دانشمندانہ طریقے سے کیا جاسکتاہے۔

لان میں پتھروں کا انداز

ایک ڈرامائی طرز کا قدرتی پتھروں والا راستہ ہمیشہ سب کی توجہ اپنی طرف مرکوز کرواتا ہے ، ضروری نہیں کہ آپ لان تیار کرتے وقت پتھر لگوائیں۔ آپ لان تیار کرنے کے بعد بھی انہیں بے فکری سے لگا کر اسے خوش نما بنا سکتے ہیں۔

پتھروں کی نشست

آپ کے گارڈن میں اگر کرسیاں یا بنچیںنہیں ہیں تو آپ بڑے بڑے پتھروں کو تراش کر انہیں بیٹھنے کیلئے استعمال کرسکتےہیں۔

لیکن کوشش کریں کہ یہ پتھر پھسلنے والے نہ ہوں تاکہ آپ جم کر بیٹھ سکیں۔

پتھروں کی آبشار

پتھروں پر سے بہتا پانی تو ویسے ہی دلکش او ر سکون کا باعث ہوتاہے۔ اگر آپ اپنے ڈرائنگ روم میں ایک سرمئی ، بھورے پتھروں کی دیوار تعمیر کروالیں اور اس پر پانی گرنے والی آبشار بنالیں تو نہ صرف آپ کو اچھا محسوس ہوگا بلکہ پانی اور پتھر کے درمیان قدرتی امتزاج آپ کے ڈرائنگ روم میں زندگی بھر دے گا۔

واش روم میں پتھر کی دیوار

پتھر کسی بھی رنگ کے ہوں دیواروں  پر سجے اچھے لگتے ہیں ہاں آپ اپنی کلر اسکیم یا ڈیزائن کے حساب سے کسی مخصوص رنگ کو منتخب کرسکتے ہیں۔ پتھروں کی دیوار کے لیے رنگ اور مختلف پیٹرن مارکیٹ میں موجود ہیں، جن میں گہرے رنگ کے پتھروں کا انتخاب بہترین دیوار کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

دیہی طرز کاڈائننگ روم

وہ افراد جو اپنے گھرکی سجاوٹ کے انداز کو دیہی طرزدینا چاہتے ہیں ان کیلئے قدرتی پتھروں سے تعمیر کی گئی دیوار بہترین ہے، ۔اب یہ بھی ضروری نہیں کہ آپ تمام دیواریں پتھروں سے تعمیر کریں۔ڈائننگ روم میں ایسی ایک دیوار بھی دیہی تاثر دینے کے لئے موزوں ہو سکتی ہے۔

باغ میں پتھروں کی سجاوٹ

باغ کے احاطے، جن کے لیے کم دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے کناروں کی چھوٹے دلکش پتھروں سے نفاست سے بہترین سجاوٹ کی جاسکتی ہے۔ اس کو صاف اور دلکش منظر دینے کے لیے آپ اس میں چند پودوں والے گملے رکھ سکتے ہیں۔

کچن میں پتھر کی دیوار

کچن میں زیادہ ترماربلز اورٹائلز لگائے جاتے ہیں تاہم اگر آپ اپنے کچن کو جدید انداز دینا چاہتے ہیں تو پتھر کی ایک چھوٹی سی دیوار کا اضافہ کیا جاسکتاہے۔ یہ بطور آرائش کچن کائونٹرز یا پھر چولہوں کی عقبی دیوار بھی ہوسکتی ہے۔ یہ اسٹائل ایک طرف آپ کے کچن کو ورسٹائل انداز دے گا تو دوسری جانب یہاں جدید انداز کو بھی اجاگر کرے گا۔ مزید یہ کہ آپ کو اپنا کچن اچھوتا نظر آئے گااور کھانا پکانے میں مزہ آئے گا۔

بیڈروم میں بھی پتھر کی دیوار

آپ کے پاس بیڈروم ہی ایسی چیز ہے، جس میں آپ بار بار تبدیلی کرسکتے ہیں، ایسے میں پتھروں کی دیوار کا آپشن برانہیں ہے۔ اگر آپ اپنا بیڈ روم نیا بنانے کے خواہشمند ہیں تو قدرتی پتھروں کا استعمال ایک دیوار کے بجائےتمام دیواروں کیلئے کریں کیونکہ پتھر کی دیواروں کےلئے ڈرائنگ روم سب سے موزوں ہے ۔جبکہ آج کل سفید رنگ کی پتھر کی دیواروں کا انداز عام ہوتا جارہاہے ۔ چنانچہ اپنی خوابگاہ سمیت گھر کے مختلف حصوں کی سجاوٹ کے بارے میں سوچنا شروع کردیں، آپ ہی نہیں آپ کے مہمان بھی اس آرائش کے دلدادہ ہوجائیں گے۔ 

تازہ ترین