• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریکھا آج بھی پہلے کی طرح گلیمرس اور جواں سال نظر آتی ہیں ۔ ان کی آواز میں بھی وہی لوچ وہی تازگی ہوتی ہے، جیسے وہ امرائو جان ادا کے ڈائیلاگز بول رہی ہوں۔

ریکھا کا اصل نام بھانوریکھا گنیشم ہے، جوا کتوبر 1954ء کو مدراس میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے15سال کی عمر میں تیلگو فلموں سے اپنا فلمی سفر شروع کیا۔ حالانکہ انہیں اپنی فلمی زندگی میں بے حد جدوجہد کرنی پڑی ۔یوں تو ریکھا نے ہندی کی متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا۔ لیکن انکی فلمی زندگی میں1981ء میں بڑا موڑ آیا۔ جب انہوں نے فلم ‘ امراؤ جان ’ میں طوائف کا کردار ادا کیا اور اس کردار کو ناقابل فراموش بنا دیا۔ ریکھا نے اس فلم میں ادا کاری کے لیے باقاعدہ اردو زبان سیکھی تھی۔ اسی لیے ان کے اشعار و مکالموں کی ادائیگی میں زبردست برجستگی ہے۔ یہ فلم ان کی زندگی میں بہت بڑا موڑ ثابت ہوئی اور پھرانہوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا ۔

اس سدا بہار اداکارہ کی خانگی زندگی بہت ناکام رہی ہے۔ کبھی ان کا نام فلم اداکار ونود مہرا کے ساتھ لیا جاتا رہا اور کبھی امیتابھ بچن کے ساتھ، لیکن شادی انہوں نے دہلی کے ایک بڑے تاجر مکیش اگروال سے1990ء میں کی تھی لیکن ایک سال بعد ہی مکیش نے خودکشی کر لی ۔

ماضی کی طرح ریکھا آج بھی خوبصورت نظر اور جاذب نظر لگتی ہیں ۔ اس حوالے سے جب ریکھا سےان کی سدا بہار خوبصورتی کا راز پوچھا گیا تو انہوںنے چند مشورے دے ڈالے، آئیے جانتے ہیں کہ وہ مشورے کیا ہیں، جن پر آپ بھی عمل کرسکتی ہیں ۔

پانی زیادہ پئیں

پانی پینے میں کبھی کنجوسی نہ کریں ۔ دن میں کم سے کم 10 سے 12گلاس بھر کر پانی پئیں، اس سے آپ کے جسم میںپانی کی کمی نہیں ہوتی اور جسم کے ساتھ یہ جِلد کے زہریلے مواد کو بھی خارج کرتاہے۔ اسی وجہ سے کہ ریکھا کی جِلد ہر وقت دمکتی رہتی ہے۔

بال رکھیں باکمال

ریکھا کے باکمال بالوںکے پیچھے آملہ ، سیکا کائی، میتھی دانہ اور کھوپرے کا تیل ہے، جو ان کے بالوں کو مضبوط اور گھنا رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہفتے میں ایک بار بالوںمیں قدرتی اشیا جیسے کہ شہد، دہی اور انڈے کی سفیدی لگاتی ہیں، جس سے ان بالے لمبے، خوبصورت اور چمکدار دکھائی دیتے ہیں۔ وہ کبھی گیلے بالوںمیں کنگھی نہیں کرتیں اور قدرتی طورپر انھیں خشک ہونے دیتی ہیں۔ وہ کبھی ہیئر ڈرائر استعمال نہیں کرتیں۔

زیادہ سوئیں

رات کو جلدی سونا، صبح جلد ی اٹھنا یعنی بھرپورنیند لینے کی عادت نے ریکھا کو سُپر فِٹ رکھا ہواہے۔ نیندمکمل لینے سے تندرستی ، خوبصورتی اور توانائی مکمل رہتی ہے۔

نظم و ضبط

ریکھا رکھ رکھائو اور نظم و ضبط والی خاتون ہیں ۔خوش رہنا اورذہنی تنائو سے خودکو دور رکھنا ان کی خوبی ہے۔ یہی دونوں گـُن ان کی کامیابی ، سدا بہار شخصیت اور حُسن و جمال کا سب سے بڑا را ز ہیں۔

میک اَپ اور کاسمیٹکس

ریکھا اور میک اَپ کا جنم جنم کا ساتھ ہے۔ حقیقت میں بالی ووڈ میں آئل بیسڈ میک اَپ انہوں نے ہی متعارف کروایا تھاجبکہ ان کی ہمعصر اداکارائیں ٹالکم پائوڈر والے خشک میک اَپ کرتی تھیں۔ ریکھا ہر فلم کیلئے اپنا میک اَپ خود کرتی تھیں اور تیز رنگ کی لپ اسٹک اور آئی میک اَپ میں بہت دلکش دکھائی دیتی تھیں۔

رقص اور گھر

ریکھا کو جتنا رقص سے عشق ہے اتناہی گھر کے کام کاج سے بھی ہے ۔ گھر کے کام ، باغبانی اور رقص کو وہ اپنے لیے قدرتی ورک آئوٹ قرار دیتی ہیں۔

کلینزنگ اور موئسچرائزنگ

آج تک ریکھا باقاعدگی سے کلینزنگ، ٹوننگ اور موئسچرائزنگ کررہی ہیں اور رات سونے سے پہلے میک اَپ صاف کرنا نہیں بھولتیں۔

اروما تھراپی اور

آریو ویدک اسپا ٹریٹمنٹ

قدیمی آریوویدک اور اروما تھراپی پر ریکھا آج بھی یقین رکھتی ہیں۔ وہ گھر پر جب بھی اسپا سیشن کرتی ہیں تو دنوں طریقوں کوشامل کرلیتی ہیں۔

صحت بخش کھانے

ریکھا صحت بخش اور متوازن غذا کی اہمیت کو صرف جانتی ہی نہیں بلکہ اس پر سختی سے عمل بھی کرتی ہیں۔وہ بہت زیادہ پکےہوئے، فرائی کیے ہوئے، جنک فوڈزاور غیر صحت بخش کھانوں کو نظر اٹھا کر نہیں دیکھتیں۔

تازہ ترین