• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اسپین میں بین المذاہب ہم آہنگی پر سیمینار کا انعقاد

اسپین میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کام کرنے والی تنظیم’’ فورم اوسپتالیت‘‘ کے زیر اہتمام سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد تمام مذاہب اور اُن کے انبیاء کی عزت و احترام اور اُن مذاہب کے پیرو کاروں کو آپس میں محبت اور یگانگت کا درس دینا تھا ۔

سیمینار میں مختلف مذاہب کے نمائندگان نے شرکت کی ۔

مسلم کمیونٹی کی نمائندگی طاہر رفیع نے کی جبکہ کرسچن کمیونٹی کی جانب سے’’کارلاس‘‘ اور راجو الیگزینڈر ، ہندو کمیونٹی کی طرف سے’’ مارتا ‘‘اور جیوش کمیونٹی کی طرف سے ’’ماریا پری ایتو‘‘ سمیت دوسرے مذاہب کے افراد نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ آزادیِ اظہارِ رائے کی آڑ میں سوشل میڈیا، اخبارات یا کسی بھی طرح کے ذرائع ابلاغ کے ذریعے دوسرے مذاہب یا اُن کے انبیاء کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کرنا کہ جس سے کسی کی دل آزادی ہووہ کسی بھی مذہب یا نبی کا دیا گیا درس نہیں بلکہ ایسا گھناؤنا فعل چند شر پسند کرتے ہیں جن کا مقصد مذاہب کے درمیان منافرت پھیلانا اور دہشت گردی کو ہوا دینا ہوتا ہے ۔

سیمینار کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنا ہوگا جس کے لئے ہمارا اکھٹے بیٹھنا اور دوسروں سے محبت بانٹنا بہت ضروری ہے۔

شرکاء نے کہا کہ دوسرے مذاہب کا احترام اور آپس میں بھائی چارے اور محبت کی فضاء قائم کرکے منافرت اور دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے کیونکہ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

پاکستانی نژاد علی رشید بٹ ، رضوان کاظمی اور عدنان ملک نے’’ فورم اوسپتالیت ‘‘کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیمینارکے انعقاد کے انتظامات میں ہاتھ بٹایا تھا جس پر ہسپانوی کمیونٹی کے شرکاء نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

فورم اوسپتالیت کے ممبران نے ایسے مزید سیمینار منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کاز کو یورپ بھر میں اجاگر کریں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین