• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سرد ہوائیں چلنے سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں جنوری میں سردی رخصت ہو جاتی تھی وہاں فروری میں بھی اس کے جانے کے آثار نظر نہیں آ رہے۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت تو 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،البتہ یہاں سردی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

شہر میں لوگوں نے گرم جیکٹوں، اونی سوئٹرز، مفلرز کا استعمال پھر سے شروع کر دیا ہے، گھروں میں لحاف اور کمبل مسلسل استعمال ہو رہے ہیں۔

موٹر سائیکل سوار بالخصوص علی الصبح دفاتر جانے والے چمڑے کی جیکٹس کے ساتھ دستانوں اور ہیلمٹ کے نیچے گرم ٹوپیوں کا استعمال بھی لازمی کرنے پر مجبور ہیں۔

کراچی میں سرد موسم ہونے کے ساتھ ہی، گرم کستوری دودھ، یخنی، سوپ، انڈوں، فرائی فش، حلوہ جات، میوہ جات کی دکانوں پر رات گئے تک رش نظر آ رہا ہے۔

شہر قائد کے مکینوں بالخصوص بچوں اور بوڑھوں میں موسمی بیماریوں، نزلہ، زکام، کھانسی، بخار، گلے اور سینے کے امراض میں اضافہ ہو گیا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی۔

مری میں 8 انچ، مالم جبہ میں 3، استور اور راولا کوٹ میں 2 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سرد مقام زیارت رہا، جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کالام، قلات اور بگروٹ میں منفی 7، اسکردو اور مالم جبہ میں منفی 5، گوپس، مری، دروش، استور، پارہ چنار اور کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور ملتان میں کم سے کم درجۂ حرارت 6 ،لاہور اور فیصل آباد میں 8، پشاور میں 5، مظفر آباد میں 3 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین