• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوکی میں شجر کاری مہم، وزیر اعظم نے پودا لگایا


وزیراعظم عمران خان نے ہیڈ بلوکی میں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا،اس موقع پر انہیں شجرکاری مہم سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

ملک میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ کے نام سے نئی 10 بلین ٹری مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بلوکی میں پودا لگا ؒدیا۔

وزیراعظم کو ملک بھر میں شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، تقریب میں سکھ طلبہ نے ملی نغمہ بھی پیش کیا ۔

اس حوالےسے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا سے چھڑائی گئی زمین پر جنگلات اور وائلڈ لائف پارک بنا رہے ہیں، جنگلات اگانے سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ان اقدامات سےنئی نسل کوماحولیاتی تبدیلی اورآلودگی سےتحفظ ملے گا۔

ملک بھر میں دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کے تحت وزیراعظم نے ہیڈ بلوکی میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا افتتاح کیا ہے جس کے تحت آج پاکستان بھر میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان اس سلسلے میں پہلے لاہور پھر ہیڈ بلوکی گئے جہاں انہوںشجر کاری مہم کے سلسلے میں نیا جنگل آباد کرنے کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا۔

آج شروع ہونے والی شجر کاری مہم کے تحت پاکستان بھر میں 25 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ اسی مہم کے تحت 3 ماہ میں ملک میں 15 کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ ہے۔

آج ننکانہ صاحب میں بھی وزیراعظم عمران خان شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے جہاں ان کے ہمراہ اسکول کے ڈھائی ہزار بچے 10 ہزار پودے لگائیں گے۔

ننکانہ صاحب کی ضلعی انتظامیہ نے اس سلسلے میں 2500 ایکڑ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے خالی کرائی ہے، جبکہ جنگل کے لیے 1500 سو ایکڑ اراضی تیار کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شجر کاری مہم کے سلسلے میں اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو آلودگی سے بچانے اور ماحولیاتی تغیر ایسے بڑے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مافیا کے زیرِ نگیں زمینوں کو قبضے سے آزاد کروا کر اس پر جنگلات اگانے اور وائلڈ لائف پارکس قائم کرنے کے لیے #Plant4Pakistan (پلانٹ فار پاکستان) پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں۔

تازہ ترین