• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو این آراو نہیں ملے گا،این آر او دینے کا مقصد ملک سے غداری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بلوکی میں شجر کاری مہم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دو این آر او نے ملک کو بڑا نقصان پہنچایا۔ آج جو ہمارے حالات ہیں اور ملک مقروض ہے، انہی دو این آر او کی وجہ سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک این آر او مشرف نے نوازشریف کو دیا جس میں شریف برادران کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کرپشن کا بنا بنایا کیس تھا، اس میں اسحاق ڈار کا اعترافی بیان تھا کہ کس طرح منی لانڈرنگ ہوئی لیکن این آر او دے کر وہ کیس روکا گیا اور انہیں سعودی عرب جانے دیا تاکہ مشرف کی کرسی خطرے میں نہ آئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دوسری طرف 2 ارب روپے زرداری کے سوئس کیس پر قوم کے خرچ ہوئے، لندن میں سرے محل کیس ہوا جو پاکستان حکومت جیت گئی یہ پیسہ پاکستان کو ملنا تھا لیکن این آر او سائن ہوا اور وہ کیس بھی چھوڑ دیا گیا‘۔


انہوں نے کہا کہ  این آر او دینے  سے تاثر ہوا کہ پاکستان میں طاقتور چور کو نہیں پکڑا جاتا۔

عمران خان نے کہا کہ اب کرپٹ انسان کو کوئی رعایت نہیں ملے گی،ملک تباہ کرنے والوں سے حساب مانگ رہے ہیں،اسمبلیوں میں بڑا شور مچا ہے،،نیب کیسز بھگتنے والے نیب ہی کو طلب کر رہے ہیں ،ملک کی سیاسی تاریخ میں پانچ ماہ میں تین وزراء نے استعفیٰ دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ ملکوں میں آٹھویں نمبر پر ہے ، چھانگا مانگا ، چیچہ وطنی اور کندیاں کے جنگلات ختم ہوگئے ہیں۔دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی لاہور اور دلی میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں زمینوں سے قبضے ختم کرانے ہیں، ملک کو کرپٹ اور قبضہ گروپوں سے بچائیں گے۔

تازہ ترین