• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپارٹمنٹس کو ختم نہیں کررہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں، چیئرمین پی سی بی

لاہور (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی سیاست زدہ ہوچکا ہے، اسے سیاست سے پاک کریں گے، بورڈ کو پروفیشنل انداز میں چلانا اور ٹاپ کلاس انتظامیہ لانا چاہتے ہیں۔ پی سی بی کو ایسا ادارہ بنانا چاہتے ہیں جو دنیا کے کسی ادارے سے کم نہ ہو۔ پی سی بی میں اسٹریٹیجی پلان نہیں ہیں۔ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم نہیں کررہے ، ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں، کسی کو بے روزگار نہیں کریں گے۔ وہ اتوار کو لاہور میں نئے منیجنگ ڈائر یکٹر وسیم خان کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس دوران وسیم خان کا میڈیا سے تعارف کرایا گیا۔ احسان مانی نے کہا کہ وسیم خان کے آنے سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا پی سی بی کے آئین میں تبدیلی کرکے ایم ڈی کو سی ای او بنادیں گے۔ اس وقت تک میں ایم ڈی رہوں گا۔ ایم ڈی کی تقرری شفاف انداز میں کی گئی ہے۔ وسیم خان نے پاکستان کی جانب سے ایک سائیڈ میچ میں بارہویں کھلاڑی بھی رہ چکے ہیں۔ وسیم خان نے پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ انگلینڈ میں زیادہ تنخواہ مل رہی تھی لیکن میں اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان شفٹ ہونا چاہتا ہوں اور میری وفاداری پاکستان کے لئے ہے۔ پہلے تین ماہ سمت اور حکمت عملی بنائوں گا راتوں رات کچھ ٹھیک نہیں ہوسکتا۔ پی سی بی میں حکمت عملی کا فقدان ہے۔ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے وسیم خان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد نہیں مل سکتی۔ برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کو سپورٹ کرتا تھا۔ ملک میں ایسا کرکٹ سسٹم بنائیں گے جس کے فوائد ملتے رہیں۔ پاکستان کرکٹ سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے اسکولوں کلب کرکٹ اور ضلعی کرکٹ کو مضبوط بنائیں گے۔ میرا معاہدہ تین سال کا ہے کوشش کروں گا کہ ایسا کام کروں جسے لوگ یاد رکھیں۔

تازہ ترین