• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازشریف کو عہدے سے ہٹایا تو قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ کریں گے، احسن اقبال

اسلام آباد(طارق بٹ)ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو پی اے سی چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا تو قانون سازی روک دیں گے۔جب کہ سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق،حکمران اتحاد اکثریت کی بنیاد پر چیئرمین پی اے سی کو عہدے سے ہٹاسکتا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق،اپوزیشن کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ اگر شہباز شریف کو پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی)کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹایا گیا تو اپوزیشن جماعتیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ کریں گی۔ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے دی نیوز کو بتایا کہ ہم ایوان کی تمام باڈیز کے حوالے سے واپس ڈیڈ لاک کی جانب چلے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہونے کی صورت میں کوئی قانون سازی نہیں ہوگی کیوں کہ اپوزیشن قانون سازی کا راستہ روک سکتی ہے۔حکومت کو کوئی اقدام کرنے سے قبل اس بارے میں سوچنا چاہیئے۔وفاقی وزرا کے ایک گروہ نے ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سے درخواست کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر پی اے سی چیئرمین کا عہدہ چھوڑ دیں ۔جب حکومت شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین نہیں بنا رہی تھی تو اس وقت پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے خبردار کیا تھا کہ وہ اس وقت تک قائمہ کمیٹیوں کا حصہ نہیں بنیں گے جب تک انہیں پی اے سی چیئرمین نہیں بنادیا جاتا۔۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اب بھی اسی موقف پر قائم ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پی اے سی سربراہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد بنایا گیا تھا اور یہ کوئی احسان نہیں ہے بلکہ پارلیمانی روایت ہے۔ان کو عہدے سے ہٹانا حکومت کا ایک اور یوٹرن ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ایوان کی ہر کمیٹی میں حکومت اور ان کے اتحادی اکثریت میں ہیں اور وہ اپنا چیئرمین منتخب کرسکتے ہیں ، لیکن پارلیمنٹ کے رواج کے مطابق قائمہ کمیٹیوں کے اعلیٰ عہدوں پر تمام جماعتوں کو ان کی عددی قوت کی بنیاد پر نمائندگی دی جاتی ہے۔معروف آئینی ماہر اور سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد نے اس نمائندے کو بتایا کہ پی اے سی میں اکثریت کی بنیاد پر حکمران اتحاد کی عددی قوت اتنی ہے کہ وہ شہباز شریف کو عہدے سے ہٹاسکتے ہیں۔

تازہ ترین