سیالکوٹ(مانیٹرنگ سیل،ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءخواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف کو پی اے سی کی چیئرمین شپ سے ہٹایا گیا تو حالات خراب ہو جائیں گے۔ہم بھی سسٹم کو منجمد کر سکتے ہیں مگر ملک کا نقصان نہیں چاہتے۔ سیالکوٹ میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ محمدآصف نے کہا کہ عمران خان اور ان کے وزراء پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی ) کے چیئرمین شہباز شریف کو ہٹانے کی باتیں کر رہے ہیں، اگر شہباز شریف کو چیئرمین شپ سے ہٹایا گیا تو حالات خراب ہو ں گے، ہم بھی سسٹم کو منجمد کر سکتے ہیں مگر اداروں کا نقصان نہیں چاہتے۔ اس وقت سسٹم کو حکمرانوں سے خطرہ ہے، عمران خان اور وزراء نے جو ماحول بنا رکھا ہے اس سے بیورو کریسی کام کرنا چھوڑ دے گی۔حکومت میں بیٹھے لوگ خود اپنی ساکھ خراب کر رہے ہیں ان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔سیاسی جماعتیں ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں۔