• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ میں ق لیگ کو حصہ ملے گا، نعیم الحق، وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف سازش کا حصہ نہیں بنیں گے، چوہدری شجاعت

 لاہور (نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ایک دوسرے سے کسی قسم کے اختلافات کی تردید کر دی۔ تحریک انصاف کے رہنما و وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ (ق) لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ہے،وفاقی کابینہ میں ق لیگ کو حصہ ملے گا جبکہ مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت نے کہا کہ ہم ملک اور عوام کی دن رات خدمت کرتے رہیں گے اوروزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف سازش کا حصہ نہیں بنیں گے ۔دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہارمشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف اورن لیگ کی قیادت نے دونوں جماعتوں کے اتحاد کو مزید مضبوط اور فعال بنانے، مرکز اورصوبوں میں حکومت کے خلاف سازشوں کو مل کر ناکام بنانے کا عہد کیا ہے اور کہا ہے کہ افواہیں پھیلا کر ہمارے اتحاد کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ناکام ہوگی،۔ گزشتہ روز وزیراعظم کے معتمد ساتھی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے تفصیلی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم قومی حکومتی امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے اراکین اسمبلی چودھری مونس الٰہی، چودھری سالک حسین، چودھری حسین الٰہی، صوبائی وزیر محمد رضوان،کامل علی آغا، پی ٹی آئی کے اعجازاحمد چودھری، ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ دونوں جماعتوں کی رہنمائوں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجا عت حسین نے کہا کہ ہماری جماعت مسلم لیگ وزیراعظم عمرا ن خان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد قائم رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں کے پیدا کردہ بحرانوں سے ملک کو نکالنے کے لئے کوشاں ہیں۔
تازہ ترین