• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن کیلئے مشرق و مغرب کی بحریہ کیساتھ ملکر کام کررہے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کی جانب سے امن مشقوں کی میزبانی سے یہ واضح پیغام جاتا ہے کہ پاکستان میں امن و استحکام ہے اور امن کے لیے ہم مشرق اور مغرب کی بحریہ کے ساتھ مل کر ایک پلیٹ فارم پر عالمی سطح پر بہتری کے لیے کام کررہے ہیں ۔انہوں نے یہ بات اتوار کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں کثیرالملکی بحری مشق امن کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وفد کے سربراہان کا تعلق 40مختلف ممالک سے تھا، وفدکی سربراہی پاکستان نیوی کے ہیڈ کموڈور ظفر اقبال نے کی ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک بحریہ 2007 سےکثیرالملکی بحری امن مشقوںکی میزبانی کرتا آر ہا ہے، ان ایکسرسائز کا مقصد انڈین اوشن کے ریجن میں امن کو پروان چڑھانا ہے ، میں کامیاب مشق اور بہترین میزبانی پر پاک بحریہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن ایکسرسائز تربیت کے لحاظ سے بہترین فورم ہے اور کراچی کو امن مشقوں کا اعزاز حاصل ہے، کراچی سمندر کے کنارے آباد ہے جس کی وجہ سے اس کی اہمیت دنیا میں بہت زیادہ ہے،کراچی امن کاگہوارہ ہے اور دنیا کے چند بہترین شہروں میں اس کا شمار ہوتا ہے،مختلف ممالک کے وفود نے پاکستان نیوی کی پروفیشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ دوران ملاقات وزیراعلیٰ سندھ نے مہمان نیوی کے افسران کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔
تازہ ترین