• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ کشمیر کےلئے خصوصی نمائندہ مقررکرے، بیرسٹرسلطان محمود

واشنگٹن(پ ر) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہائوس کے سامنے مقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سیکڑوں کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ۔ اس موقع پر مظاہرین کشمیریوں کو حق خود ارادیت دو، بھارتی غاصبوں کشمیر ہمارا چھوڑ دو،چھین کر لیں گے آزادی،اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائو، کشمیریوں کا قاتل،مودی دہشت گرد،گو مودی گو جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ انھوں نے بینرز، پینا فلیکس اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔مظاہرے کے شرکاء سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی ویسے تو انسانی حقوق کی بات کرتی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اسے نظر نہیں آرہے، وہاں پر کالے قوانین کانفاذ کر کے گھروں کی تلاشی لی جاتی ہے ۔ خواتین کی اجتماعی عصمت دری کی جاتی ہے، پیلٹ گن کا استعمال کرکے بچوں اور خواتین کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔حریت رہنمائوں کو گرفتار و نظر بند کیا جاتا ہے،امریکی صدر ٹرمپ نے بھی نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں انسانی حقوق کی بات کی ۔ لہٰذا ہم کشمیری وائٹ ہائوس کے سامنے سے امریکی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکہ کشمیر پر اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے کیونکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا اس وقت مسئلہ افغانستان بھی حل نہیں ہو گا۔مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری عوام ہیں لہٰذاانہیں اپنی مرضی و منشا کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے حق خود ارادیت دیا جائے۔ مودی جب 3فروری کو مقبوضہ کشمیر گیا تو یہ اس کے خلاف ایک ریفرنڈم ہے کہ پوری مقبوضہ وادی میں اس کی آمد پر ہڑتال تھی اور مقبوضہ کشمیر ایک ملٹری کنٹونمنٹ کا منظر پیش کر رہا تھا اور یہ کشمیریوں کی طرف سے اس بات کا واضح اعلان تھا کہ کشمیری اب بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔اس موقع پر ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کوششیں کرے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں کشمیری نمائندوں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کو شرکت کی دعوت دی جائے۔مظاہرے سے ڈاکٹر امتیاز، کشمیر سکینڈے نیوین کونسل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز خان،سردار ذوالفقار خان، سردار امتیاز خان، ملک امتیاز، آفتاب شاہ، زبیرچغتائی، سردار ظریف خان، چاند اقبال، طارق، سردار ساجد سوار خان، سکندر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین