• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع ناظم پشاور کے صحت کیلئے 3 کروڑ کے فنڈ ریلیز کرنے کے احکامات

پشاور (نیوز ڈیسک) ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے بنیادی مراکز صحت‘ رولر ہیلتھ سنٹر اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں میں ادویات‘ فرنیچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے مالی سال 2018-19 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 3 کروڑ روپے سے زائد فنڈ ریلیز کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ گزشتہ روز ضلع ناظم محمد عاصم خان کی زیرصدارت ضلع پشاور میں واقع بی ایچ یوز‘ آر ایچ سیز اور کیٹیگری ڈی ہسپتالوں میں صحت عامہ کی سہولیات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر گل محمد‘ ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل منان‘ ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر امیر خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں چاروں ٹائونز کے مراکز صحت کیلئے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ تخت آباد کے لئے 20 لاکھ‘ پٹوار بالا کیلئے 30 لاکھ روپے‘ گاڑھا تاجک کیلئے 50 لاکھ اور نحقی سٹیلائٹ ہسپتال کیلئے ایڈیشنل گرانٹ 50 لاکھ روپے ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ریلیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاور نے کہا کہ عوام کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجہ اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولیات کے ساتھ ادویات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ جس سے شہر کے بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کیلئے جلد ہی ان مراکز صحت میں بائیو میٹرک حاضری کا نظام نصب کیا جائے گا۔
تازہ ترین