• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس استعمال کرنیوالے وین مالکان کیخلاف کارروائی کا حکم

کراچی کے تعلیمی اداروں میں وین مالکان نے سی این جی اور ایل پی جی گیس کے استعمال پر پابندی کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے آئی جی سندھ کو اس حوالے سے خط لکھ دیا اور کہا ہے کہ وین مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

تعلیمی اداروں کے وین مالکان کی جانب سے سی این جی اور ایل پی جی گیس سلنڈر کے استعمال کی پابندی پر تاحال عمل نہیں کیا جا رہا، شہر کی بیشتر وینیں میں تاحال گیس سلنڈر پر چل رہی ہیں، جس کے باعث بچوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔

اس صورت حال پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام کو تین روز قبل خط بھی لکھا۔

خط میں انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینز میں گیس سلنڈرز کے استعمال پر پابندی پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، طلباء کے محفوظ سفر کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، ٹرانسپورٹ مالکان کو 3 ماہ کا وقت دیا گیا تھا تاہم وہ پابندی پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔

خط میں صوبائی وزیرنے مزید کہا ہے کہ اسکولوں، مدرسوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو پک اینڈ ڈراپ کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو پابندی کیا جائے، کسی بھی تعلیمی ادارے کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔

حال ہی میں شہر میں کئی اسکول وینوں میں آتشزدگی کے واقعات تواتر سے پیش آئے ، جن میں کئی بچے جھلس کر زخمی ہوئے۔

گزشتہ ماہ اورنگی ٹاؤن میں مدرسے کی وین میں آتشزدگی سے بچوں کے جھلسنے کے بعد ٹریفک پولیس نے پھرتی دکھاتے ہوئے متعدد اسکول وینوں سے سلنڈر نکال کر ڈرائیوروں کو جرمانے بھی کیے تاہم یہ کارروائیاں وقتی ثابت ہوئیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اسکول وین کو پیلا کلر کرنے اور ایک پیپر کی بھی لازمی شرط عائد ہے جس پر عمل درآمد بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

گزشتہ ماہ اس پابندی کے خلاف وین مالکان نے لکی اسٹار صدر تا کراچی پریس کلب احتجاجی ریلی بھی نکالی تھی۔

تازہ ترین