• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’‎عمران صاحب جھوٹ اور یوٹرن پر معافی تو مانگیں‘

‎پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نہیں چاہتی کہ ‎عمران صاحب اور ان کی جماعت نہیں خودکشی کریں کیونکہ خودکشی حرام ہے، لیکن جھوٹ اور یوٹرن پرکم ازکم معافی تو مانگیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت نے اپنی نااہلی کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے، مسلم لیگ نون نے مہنگائی کابوجھ اُتارنے، معاشی استحکام لانے کے لیے 2015ء میں آئی ایم ایف پروگرام ختم کر دیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے وزیراعظم ہیں جو کشکول لے کر خود آئی ایم ایف سے ملنے گئے، جس ٹیم پر وزیراعظم کو خود اعتماد نہیں، اُس ٹیم پر عوام کیسے اعتماد کرے؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‎چوروں کی طرح آئی ایم ایف سےخفیہ شرائط طےکرنے کے بجائے پارلیمان کو آگاہ کیوں نہیں کیا جا رہا؟

‎ترجمان نون لیگ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، یوٹیلیٹی اسٹور بند ہوئے، حج سبسڈیز ختم کردی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ ‎جھوٹی اور نالائق حکومت قوم کو دھوکہ دے رہی تھی، حکومت نے چور دروازے سے آئی ایم ایف سے پیکیج ڈیل پہلے ہی فائنل کرلی تھی،‎نالائق، عوام دشمن حکومت آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط کیوں چھپا رہی ہے؟

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ‎آئی ایم ایف پیکیج سے عوام کے لیے مہنگائی کا نیا سونامی آنے والا ہے، ‎قوم کو بتائیں کہ نئے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج میں گیس، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کتنا اضافہ ہو گا؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‎عمران صاحب بتائیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ایک کروڑ نوکریوں اور 50لاکھ گھروں کی تعمیر پر کیا طے ہوا؟

تازہ ترین