• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بدلتا جغرافیائی منظرنامہ چیلنجز کا موجب ہے، وزیر دفاع

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ”عصرِ حاضر کے میری ٹائم چیلنجز اور بدلتا ہوا جغرافیائی منظر نامہ بحر ہند کے شراکت داروں کے لئے نئے چیلنجز کا موجب ہے “

کراچی میں ​”بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست ۔ بحر ہند میں میری ٹائم محرکات پر غوروفکر “ کے موضوع پر منعقدہ سہ روزہ عالمی میری ٹائم کانفرنس کے اختتامی روز وفاقی وزیر برائے دفاع ،جناب پرویز خٹک مہمان خصوصی تھے۔

کانفرنس کا انعقاد نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز نے پاک بحریہ کی سربراہی میں کیا جو کثیر الملکی میری ٹائم مشق " امن 2019 " کا حصہ تھی۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بھی اختتامی سیشن میں شرکت کی۔

​تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی و زیر دفاع نے کہا کہ عصر حاضر کے میری ٹائم چیلنجز اور بدلتا ہوا جغرافیائی منظرنامہ خطے کے شراکت داروں کے لئے نئے چیلنجز اور خطرات کا باعث ہے۔موجودہ صورتحال ایک تعمیری بحث اور اس کے نتیجے میں ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ کانفرنس نے دنیا بھر سے آئے اسکالرز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جہاں وہ عصری بحری چیلنجز پر غور کر سکیں اور بحری امور میں اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔

مہمان خصوصی نے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ کانفرنس کے دوران منعقد ہ مباحثے اور قیمتی تجاویز میر ی ٹائم شراکت داروں کو میری ٹائم پالیسی سازی کے لئے بصیرت عطا کر یں گی۔

وزیر دفاع نے کانفرنس میں شریک ہونے والے تمام مہمانوں ، پینل ممبرز اور وفود کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کو مبارک باد پیش کی۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خطے میں حالیہ ابھرتی ہوئی بحری صورتحال کے تناظر میں پاک چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی اور خوشخالی کا باعث بنے گا۔ سی پیک اور گوادر پورٹ کی ترقی کے ساتھ جنوبی بحر ہند میں بحری سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ بحری ماحول اور سمندری تجارت کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہو گا۔

​قبل ازیں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل ،وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) سید خاور علی شاہ نے کانفرنس کے دوران پیش کئے جانے والے مقالوں کا خلاصہ پیش کیا۔

انہوں نے قیمتی وقت نکالنے اور تقریب میں شرکت کرنے پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ مختلف پینلز کے سربراہان نے تجاویز بھی پیش کیں۔

کثیرالقومی بحری مشق امن 2019 کے تحت تین روزہ(9تا 11فروری) بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے نامور اسپیکرز اور مبصرین کو اکٹھا کیا گیا تاکہ وہ بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست پر غور کریں اور بحر ہند کے معاشی وسائل اور بحری تحفظ پر ان کے اثرات کا جائزہ لے سکیں۔

تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود، مسلح افواج کے افسران، اسکالرز، محققین اور مقامی و بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین