• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درآمدات کم، برآمدات بڑھ گئیں، رزاق دائود

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت کے مثبت اور مؤثر فیصلوں سے معیشت بہتر سمت میں گامزن ہے‘ برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور درآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے‘7ماہ میں تجارتی خسارہ 2 ارب ڈالر کی کمی سے 19 ارب 20 کروڑ ڈالر تک آ گیا ہے ، روپے کی قدر میں کمی کا فائدہ آئندہ 5ماہ میں نظرآئے گا‘فرنس آئل کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے‘ ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے کا فائدہ ہوا ہے، ہماری پالیسی بہتر ہے اور گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے ‘ہم کسی نئے آزادانہ تجارتی معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات میں صرف 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ٹیکسائل کی برآمدات میں اضافہ کے امکانات روشن ہیں‘گزشتہ 7 ماہ میں فرنس آئل کی درآمد میں کمی ہوئی ہے، بجلی بنانے کے دوسرے طریقے اختیار کرنے پر کام کر رہے ہیں جس سے توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ ملکی سطح پر سیمنٹ کی کھپت میں کمی ہوئی ہے جبکہ سیمنٹ کی برآمدات میں 50 فیصد اضافہ ہوا، سیمنٹ سری لنکا اور بنگلا دیش برآمد کیا جا رہا ہے۔ان کا کہناتھاکہ آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمت بڑھانے کی کوئی بات نہیں کی‘فرنس آئل اور غیر ضروری خوردنی اشیا ء کی درآمد پر پابندی سے معیشت کو بھی فائدہ ہوا ہے‘رواں سال برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں مزید کمی ہو گی‘ دسمبر جنوری میں برآمدات 2 ارب ڈالر ماہانہ رہیں، جنوری 2019ء میں تجارتی خسارے میں 31 فیصد کمی ہوئی ہے۔

تازہ ترین