• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلابی شاموں کا حُسن ابھی برقرار ہے کہ نئے موسم نے ابھی اپنی آمد کا سندیسہ نہیں دیا۔ تو کیوں ناں، آج گھر کے لأونج یا دالان میں اہلِ خانہ کے ساتھ مل بیٹھنے کا ایک ہلکا پھلکا اہتمام کرلیا جائے۔ تو لیجیے، اس خُوب صُورت ری فریش منٹ پارٹی کے لیے کچھ لوازمات کی تراکیب ہم بتائے دیتے ہیں۔

پیزا سینڈوچ

اجزاء: بریڈ سلائس آٹھ عدد، چکن بون لیس(چھوٹی بوٹیاںکیوبز میں)ایک پاؤ، پیاز ، شملہ مرچ اور ٹماٹر ایک ایک عدد(کیوبز مین کاٹ لیں)،مکھن چار اونس،نمک حسبِ منشاء،کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،زیتون چار سے چھے عدد (کٹے ہوئے)،اوریگانوپاؤڈر ایک چائے کا چمچ، چیز ایک کپ (کدّوکش کی ہوئی)،لال مرچ آدھا چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی) اورپیزا ساس آدھا کپ۔

ترکیب: سب سے پہلے سلائسز پر مکھن لگا کررکھ دیں۔پھر ایک پیالے میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔اب ڈبل روٹی کے ایک سلائس کو ٹوسٹر پر رکھیں اور درمیان میں فلنگ بَھر کر دوسرا سلائس رکھ دیں۔پھر اسے پانچ منٹ کے لیے ٹوسٹ کر لیں۔باقی سلائسز بھی اسی طرح تیار کرلیں۔

چکن ڈونٹس

اجزاء: آلو ایک کلو (اُبال لیں)،چکن کا قیمہ آدھا کلو،میدہ چھے کھانے کے چمچ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ،سبز مرچیں پانچ عدد،پیاز ایک عدد،انڈے دو عدد،کارن فلور چار کھانے کے چمچ، سرخ مرچ ایک کھانے کا چمچ (کُٹی ہوئی)،ادرک، لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،گرم مسالا ایک چائے کا چمچ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، پودینا آدھی گڈی ،ڈبل روٹی کا چُورا حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب: بلینڈر میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔اب اس آمیزے کےگول شکل میں کباب بنا لیں اور کسی چیز کی مدد سےان کے درمیان گول سوراخ کردیں۔چکن نگٹس کو پہلے انڈے میں ڈبو کر پھر ڈبل روٹی کے چُورے میں لپیٹ کر فرائی کر لیں۔لذیذ ڈونٹس تیار ہیں۔کیچ اَپ یا ساس کے ساتھ سَرو کریں۔

کرسِپی فرائیڈ وِنگز

اجزاء: چکن وِنگز آدھا کلو،لال مرچ (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، چلی گارلک ساس ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سرکہ ایک کھانے کا چمچ،کارن فلور حسبِ ضرورت اور تیل۔

ترکیب: ایک پیالے میں چکن وِنگز اورکارن فلور کے علاوہ تمام اجزاءڈال کرمکس کریں اورتیس منٹ کے لیے رکھ دیں۔اب پین میں وِنگز مسالے سمیت ڈال کر پکائیں یہاں تک کہ پانی خشک ہو جائے۔قدرےٹھنڈے ہونے پر وِنگز کارن فلور میں اچھی طرح لپیٹ کر گرم تیل میں گولڈن فرائی کرلیں۔

(ذکیہ یونس،ڈگری)

ڈرائی فروٹ شیک

اجزاء: کھجور، انجیر، بادام، پستہ، کاجو حسبِ منشاء، دودھ آدھا لیٹر(گرم کرلیں) اور براؤن شوگر دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: کھجور، انجیر، بادام، پستہ اور کاجو باریک باریک کاٹ لیںاور بلینڈر میں خشک میوہ جات، گرم دودھ اور براؤن شوگر ڈال کر بلینڈ کرکے گلاسز میں ڈال کر سَرو کریں۔

کولڈ کافی

اجزاء: کافی دو کھانے کے چمچ،دودھ ڈھائی کپ، چاکلیٹ یا ونیلا آئس کریم حسب ضرورت، فریش کریم دو کھانے کے چمچ، چینی حسبِ ذائقہ اور برف کے کیوبز حسب ِ منشاء۔

ترکیب: کافی میں تھوڑا سا پانی شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔پھر چینی ڈال کے اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب بلینڈر میں کافی کا آمیزہ، فریش کریم اور دودھ ڈال کے بلینڈ کریں۔ پھر برف کے کیوبز ڈال کے مزیدبلینڈ کرلیں۔گلاسز میں نکال کر،اوپر آئس کریم ڈالیں اور پیش کریں۔

(فائزہ افتخار،لاہور)

چکن، ویجیٹیبل مِکس سُوپ

اجزاء: چکن یخنی چھے کپ،چکن بون لیس(اُبال کر ریشے کرلیں) ایک پاؤ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ،سویاساس ایک کھانے کا چمچ، چکن پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،بند گوبھی(باریک کٹی ہوئی) آدھا کپ، گاجر (چھوٹے کیوبز) حسبِ ضرورت، مَش روم سلائسز دو کھانے کے چمچ، ہری پیاز کے پتّے(کٹے ہوئے)ایک چوتھائی کپ، ہرا دھنیا(کٹا ہوا)دو کھانے کے چمچ، کارن فلور تین کھانے کے چمچ (آدھا کپ پانی میں گھول لیں) اور نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: چکن یخنی گرم کرکے اس میں چکن کے ریشے شامل کرکے پکائیں، پھر باقی تمام اجزاء(ہری پیاز، ہرے دھنیے کے سوا)ڈال کر دس منٹ مزید پکا کےکارن فلور کا آمیزہ بھی ڈال دیں۔ گاڑھا ہونے تک پکنے دیں۔ آخر میں ہرا دھنیا، ہری پیاز شامل کرکے گرما گرم سَرو کریں۔

(عائشہ بلقیس، جوہر ٹاؤن، کراچی)

ناقابلِ ا شاعت نگارشات اور ان کے تخلیق کار

٭گاجر،عینا اکبر٭ گھر کی آرایش اور آرٹ، راشدہ صدیق عباسی، راول پنڈی٭ مختلف تراکیب، ممتاز سلطانہ، حیدرآباد٭ خود اعتمادی، زوناش ظفر ٭خود کو ثابت کرنا ضروری ہے، مبشرہ خالد،کراچی ٭ حقوق، ساگ، شادی شدہ خواتین، تربیت، اسماء بنتِ محمّد اجمل، کراچی۔

تازہ ترین